بائیڈن نے سوڈان پرپابندیوں کے نفاذکانیاحکم نامہ جاری کردیا

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک نیا انتظامی حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت سوڈان کو عدم استحکام سے دوچارکرنے والے افراد کے خلاف پابندیوں کی منظوری دی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ سوڈان میں جاری تشدد ایک المیہ ہے اور یہ سوڈانی عوام کے سویلین حکومت اور جمہوریت کی طرف منتقلی کے واضح مطالبے کے ساتھ غداری ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ سوڈان کے امن پسندعوام اور عالمی رہنماﺅں کے ساتھ مل کر متحارب فریقوں کے درمیان پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا اشارہ سوڈانی فوج اور نیم فوجی سریع الحرکت فورسز(آر ایس ایف)کی طرف تھا۔صدربائیڈن نے ایک نئے انتظامی حکم نامے کااعلان کیا جس کے تحت 15اپریل کو شروع ہونے والے تشدد کا(پابندیوں کی شکل میں)جواب دینے کیلئے امریکہ کے اختیارات میں توسیع کی جائےگی۔نئی اتھارٹی کا مقصد سوڈان کے امن، سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے کے ذمہ داروں کا احتساب کرنا ہے۔