ایک ساتھ انتخابات: اس نتیجے پر پہنچے معاملہ سیاسی عمل پر چھوڑا جائے:چیف جسٹس

اسلام آباد (مشرق نیوز) ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے ہیں کہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں معاملہ سیاسی عمل پرچھوڑاجائے۔ چیف جسٹس جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے درخواست پر سماعت کی ، بنچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ مذاکرات ناکام ہوئے تو عدالت 14 مئی کے فیصلے کو لےکر بیٹھی نہیں رہے گی، اپنے فیصلے پر عمل کرانے کیلئے آئین استعمال کر سکتے ہیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم بھی کچھ کہنا چاہتے ہیں، عدالت میں ابھی مسئلہ آئینی ہے، سیاسی نہیں، عدالت سیاسی معاملہ سیاسی جماعتوں پر چھوڑتی ہے۔ چیف جسٹس نے فاروق نائیک سے پوچھا کہ یہ بتائیں کہ آئی ایم ایف معاہدہ اور ٹریڈ پالیسی کی منظوری کیوں ضروری ہے؟ اس پر فاروق نائیک نے بتایا کہ بجٹ کے لیے آئی ایم ایف کا قرض ملنا ضروری ہے، اسمبلیاں نہ ہوئیں تو بجٹ منظور نہیں ہوسکے گا، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑی نہ گئی ہوتیں تو بحران نہ آتا، بحران کی وجہ سے عدالت کا وقت بھی ضائع ہورہا ہے، اسمبلیاں توڑنے سے عدالت پر بوجھ بھی پڑرہا ہے۔