سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ اور اہلکاروں کی ملی بھگت: حساس ترین فائلوں کا پرانی تاریخوں میں اندراج

لاہور (علی جنید) سیکرٹری بورڈ متروکہ وقف املاک بورڈ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی کے مستعفی ہونے پر ماتحت اہلکاروں کی ملی بھگت سے حساس ترین فائلوں کو پرانی تاریخوں میں درج کردیا جبکہ مزید فائلوں کے اندراج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس پر ”مشرق“ نے وفاقی سیکرٹری مذہبی و اقلیتی امور آفتاب اکبر خان درانی سے موقف کیلئے رابطہ کیا لیکن میٹنگ میں موجودگی کی وجہ سے ان سے بات نہیں ہوسکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن نے 2 مئی کو مستعفی ہوگئے تھے اور اس روز وہ صرف استعفیٰ دینے کےلئے مختصر ترین وقت کےلئے بورڈ ہیڈ آفس آئے تھے اور بعدازاں یہاں سے روانہ ہوگئے تھے لیکن حیرت انگیز امر ہے کہ سیکرٹری بورڈ ناصر اکرم نے پی اے ٹو چیئرمین جنید احمد کی ملی بھگت سے نہایت حساس ترین اہم معاملات کی فائلوں کو آفس بلڈنگ سے باہر لے جایا گیا اور اس پر سابق چیئرمین کے دستخط اور تاریخ درج کروائی ہے۔ مذکورہ فائلوں پر 2 مئی کی بھی تاریخیں درج ہیں جس روز سابق چیئرمین حبیب الرحمان گیلانی مستعفی ہوئے تھے جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دستخط کی گئی فائلوں میں بعض ایسی پراپرٹی کی فائلیں بھی شامل ہیں جن کا ریکارڈ بعض حساس ذرائع نے پہلے سے ہی وفاقی وزارت مذہبی امور کو دے رکھا ہے اور دیگر معاملات میں ناصر اکرم کی بھی خفیہ انکوائری کا عمل بھی جاری ہے۔