پاراچنار کے سرکاری سکول میں نامعلوم افراد کی فائرنگ ، 7 اساتذہ جاں بحق

پاراچنار (مشرق نیوز) تری مینگل ہائی سکول میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7 اساتذہ جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق سرکاری ہائی سکول میں نامعلوم افراد نے سکول کے سٹاف روم میں فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے 7 اساتذہ جاں بحق ہو گئے، قبل ازیں ایک اور واقعہ میں نامعلوم افراد کی شلوزان روڈ پر چلتی گاڑی پر فائرنگ سے ایک ٹیچر جاں بحق ہو گیا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ بے گناہ افراد کا قتل افسوسناک ہے، واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بنائے گئے تمام ٹیچر امتحانی ڈیوٹی پر مامور تھے، پولیس نے ٹیچرز کو قتل کرنے والے ملزموں کی تلاش شروع کر دی جبکہ جاں بحق ٹیچرز کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔