دباو میں آکر دہشتگرد ٹولے سے مذاکرات ملکی دفاع پر سمجھوتے کے مترادف ہے،جاوید لطیف

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہاہے سہولت کار عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں،جنرل باجوہ، ثاقب نثار سمیت سب کے مفادات آپس میں جڑے ہیں، کسی کے دباومیں آکر دہشتگرد ٹولے سے مذاکرات ملکی دفاع پر سمجھوتے کے مترادف ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے دعویٰ کیا عمران خان کو دوبارہ لانے کےلئے سہولت کاری ہو رہی ہے، قوم کو انتشار میں مبتلا کرنےوالے شخص سے کس بنیاد پر مذاکرات ہو رہے ہیں؟ ،کبھی دہشتگردوں کے ونگ سے مذاکرات نہیں ہوتے، پٹرول بم پھینکنے والوں و عالمی قوتوں کے آلہ کار بننے والوں سے مذاکرات نہیں ہوتے، قوم کا مطالبہ ہے نوازشریف کےخلاف ہونےوالی سازش کے مجرم سے سمجھوتہ کرنے کی بجائے اداروں کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے اب اداروں میں بیٹھے افراد کو مکمل سچ بولنا پڑےگا، میثاق جمہوریت ہوا تو کچھ اداروں میں بیٹھے افراد کو لگے گا ان کےخلاف اتحاد بن چکا ۔

عمران خان نے اداروں میں بیٹھے افراد کےساتھ ملکر اگلے 10 سے 15 برس کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی،وکیل رہنما امان کنڑ، جسٹس شوکت صدیقی، جنرل باجوہ، ثاقب نثار سمیت سب کے اعترافات ظاہر کر رہے ہیں سب کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہیں اگر عمران خان غلط کہہ رہے ہیں تو جنرل باجوہ سچی باتیں کیوں نہیں کرتے؟، کس نے روک رکھا ہے؟، کیا ریاستی ادارے کمزور ہو چکے ہیں ؟،آپ کچے میں آپریشن کریں تو کامیاب لیکن زمان پارک یا ظہور الٰہی روڈ پر کریں تو ناکام۔

عالمی طاقتوں کے نزدیک سی پیک، میثاق جمہوریت، دہشتگردی و لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، مہنگائی کو کنٹرول کرنا نواز شریف کے جرائم ہیں،ریاست مزید قربانی کی متحمل نہیں ، قانون کا اطلاق مارچ اپریل 2023 میں کیوں یاد آ رہا ہے؟، 2015 یا 2022 میں آئین دوبارہ تحریر کرتے وقت کیوں یاد نہیں آیا؟،اعتراف کرتے ہیں 2015 میں سازش کے وقت کھڑے ہو جاتے اور قوم کو کھل کر حقیقت بتا دیتے تو موجودہ حالات نہ ہوتے،کیا کوئی ازخود نوٹس لے گا ٹکٹوں کی تقسیم پر اربوں روپے کوئی اکٹھے کر رہا ہے۔

جاوید لطیف نے مزید کہاکسی طور پر بھی نواز شریف کے بغیر انتخابات قبول نہیں کریں گے،آپ نے آج تک اپنے بنائے ہوئے مجسمے کا احتساب نہیں ہونے دیا، اداروں میں بیٹھے افراد اپنی غلطیوں کا اعتراف کر لیں تو بہتر ہے، آئین سے ہٹ کر مذاکرات کسی کی خواہش پر نہیں ہو سکتے، عدالتوں میں کبھی پنچایت نہیں لگا کرتی،پارلیمان کی کھوکھ سے آئین جنم لیتا ہے، آئین کو بنانے والی پارلیمان کی بے توقیری کرتے رہیں گے تو آئین کی کسی شق پر عمل نہیں ہو پائے گا۔