کراچی سے لاہور آنیوالی ٹرین کی بوگی میں آتشزدگی، خاتون ، بچوں سمیت 7جاں بحق
کراچی، خیرپور (بیورورپورٹ)ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان کراچی سے لاہور جانےوالی کراچی ایکسپریس کی بوگی نمبر 17میں آتشزدگی کے باعث خاتون اور 4بچوں سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے ، پاکستا ن ریلوے حکام کے مطابق 26اور 27اپریل کی درمیانی شب ساڑھے 12بجے کراچی سے لاہور جانےوالی کراچی ایکسپریس کی ایئرکنڈیشنڈ بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری طور پر گاڑی کو ٹنڈو مستی خان سٹیشن کے قریب روک لیا گیا،ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر 50منٹ تک موقع پر پہنچی اور تقریبا 40منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا،ڈی سی او ریلوے محسن سیال کے مطابق 70سالہ خاتون رابعہ بی بی نے جان بچانے کےلئے متاثرہ بوگی سے چھلانگ لگادی تھی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئیں اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسیں،وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق جلی ہوئی بوگی سے ایک مرد اور 4بچوں کی لاشیں ملی ہیں ،جاں بحق ہونےوالے چار بچوں اور خاتون کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے جبکہ مرد کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی،حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے اور صورتحال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے۔کراچی ایکسپریس سے متاثرہ کوچ کو علیحدہ کرنے کے بعد صبح پونے 7بجے جانب منزل روانہ کیا گیا،وزارت ریلوے نے بوگی میں آگ لگنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دےدیا ۔

















