اعلی عدلیہ کافیصلہ پارلیمنٹ کی توہین،بہت برداشت کرلیا،بلاول بھٹو

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے آئین کی بات نہ مان کر سپریم کورٹ نے توہین پارلیمنٹ کی ،اکثریتی فیصلہ کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے،بلاول بھٹو نے کہاوزیر اعلیٰ کا اسمبلی توڑنے کا حق ہے اگر کسی ایک صوبے میں زبردستی الیکشن کرایا جائے تو آواز اٹھے گی، کہیں ایسا تو نہیں کوئی بیک ڈور سے ون یونٹ لاگو کرنا چاہتا ہے، تھوڑی دیر کیلئے تمام اداروں کے سربراہ ہوش کے ناخن لیں اگر وہ پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس بننا چاہتے ہیں تو مرضی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاآئین میں 90 دن کی شق کی خلاف ورزی کسی اور نے کی، کبھی کہتے ہیں استعفے لو کبھی کہتے ہیں استعفے نہ لو، جب استعفے لیے تو آئین کے مطابق 90 دن کے اندر ان سیٹ پر بھی الیکشن ہونے تھے، اتنے ہفتوں سے ملک میں تماشا چل رہا ہے، سپریم کورٹ اقلیتی فیصلے کو مسلط کرنا چاہتی ہے،خیبرپختونخوا میں 90 دن کی شق پر تو عمل نہیں ہو رہا، کانٹیسٹ کو سمجھنا چاہیے، سپریم کورٹ کا کام آئین میں تبدیلیاں کرنا نہیں اگر اعلیٰ عدلیہ میں کسی جج کو آئین پر غلط فہمی ہے تو رضا ربانی کو سمجھانے کیلئے بھجوا سکتے ہیں، آئین اس لیے بنایا تھا تاکہ تمام اداروں کا خیال رکھا جائے۔

چند عناصر کی ضد سے پارلیمنٹ کی توہین کی جا رہی ہے،اعلیٰ عدلیہ کے تازہ فیصلے میں جو لکھا گیا شاک لگا، ادارہ کیسے لکھ سکتا ہے آپ پارلیمان کے فیصلے کو بھول جائیں، عدالت وزیر اعظم کو ایسے کیسے لکھ سکتی ہے، ملکی تاریخ میں کبھی آئین کی خلاف ورزی کا نہیں سوچا، کبھی آمر کے حکم پر بھی آئین نہیں توڑا، اعلیٰ عدلیہ کہہ رہی ہے پارلیمان کے حکم کو اگنور کیا جائے تو آج بھی ماننے کو تیار نہیں،پارلیمان کا اختیار ہے عوام کا پیسہ کہاں استعمال ہو گا۔

پارلیمنٹ کے حکم کے پابند ہیں کسی اور ادارے کے نہیں اگر وزیر اعظم اجازت دے تو پیسے دلوائیں گے، کل بھی اور آج بھی پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، میرے خیال سے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے سے توہین پارلیمنٹ ہوئی ، ایک ادارہ حکم کرے پارلیمان کا حکم نہ مانو، فیصلے کو کمیٹی میں اٹھانا چاہیے،وزیر اعظم کا مذاق اڑانے کا مقصد پورے ایوان کی توہین ہے، بہت برداشت کیا، آخر کب تک برداشت کریں گے، کتنے وزرائے اعظم کو پھانسی اور کتنے وزرائے اعظم پر توہین عدالت لگائیں گے۔

ہمیشہ ججز کو عزت دی ،عدم اعتماد ہوا ہے تو 3ججز کےخلاف ہوا ، لڑائی، کنفیوژن، کرائسز میں عوام، جمہوریت اور وفاق کا نقصان ہو رہا ہے، آرٹیکل 63 اے کے مطابق فیصلے کو دیکھا جائے تو پھر نظر آ رہا ہے دال میں کچھ کالا ہے، 3نسلوں سے کھیل کھیل رہے ہیں، ڈھٹائی کے ساتھ ایک صوبے میں الیکشن سے وفاق کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے،پورے ملک میں الیکشن ایک ہی دن ہونے چاہئیں، رائے تمام سیاسی جماعتوں کی ہے، ایک کے علاوہ تمام جماعتیں اکٹھے الیکشن چاہتی ہیں اب سب کا کام ہے موجودہ صورتحال میں حل نکالیں، ڈائیلاگ کو سیاسی حدود میں ہونا چاہیے اگر جوڈیشری کی پنچایت میں ڈائیلاگ ہو گا تو پھر اتحادیوں کو قائل کرنے اور کامیابی کا چانس کم ہے