وزیراعظم کا بحرین کے شاہ کو فون، دوطرفہ تعاون اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے پر غور

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کو ٹیلی فون کرکے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے مملکت بحرین کے ساتھ تاریخی، باہمی احترام، مشترکہ عقیدے اور مشترکہ مفادات پر مبنی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے وسیع امکانات کا خاص طور پر حوالہ دیا۔ بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کیلئے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کیلئے ملکر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔