پاکستانی حجاج کیلئے ٹیکسوں میں چھوٹ کی کوشش کررہے ہیں: سنیٹر طلحہ محمود

جدہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر طلحہ محمود حج انتظامات کے سلسلے میں سعودی عرب میں سرگرم عمل ہوگئے۔ گزشتہ روز انہوں نے پاکستانی عازمین حج کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کے حصول کیلئے اہم ملاقاتیں کیں۔ سربراہ رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی سے ملاقات میں سنیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پاکستانی حجاج کیلئے سعودی ٹیکسز میں مکمل چھوٹ یا نرمی کیلئے کوشش کررہے ہیں۔اس موقع پر سربراہ رابطہ عالمی اسلامی نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستانی عوام کا سعودی عرب اور حرمین شریفین سے دلی لگاو¿ قابل ذکر ہے۔ علاوہ ازیں وزیر مذہبی امور نے پاکستانی حجاج کو منیٰ عرفات میں سہولیات دینے والی جنوبی ایشیا طواف کمپنی کا دورہ بھی کیا اور ضیوف البیت سروسز کمپنی (سابقہ موسسہ جنوب ایشیا) کے سربراہ اسامہ دانش سے ملاقات کی جس میں
منیٰ عرفات میں خیموں، خوراک اور سفری سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر طلحہ محمود نے مشاعر کی سہولیات پر مبنی تھری ڈی ماڈلز اور آرکائیوز انکلوژر کا بھی دورہ کیا اور ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور ڈائریکٹر حج مکہ فہیم آفریدی کو موقع پر ہدایات جاری کیں ۔ اس موقع پر سنیٹر طلحہ محمودنے کہا کہ امسال حج مکمل گنجائش پر ہو گا۔ کم قیمت میں اچھی سہولیات کے حصول کا چیلنج پورا کرنا ہو گا۔