عیدالفطر پر شہر میں صفائی کے لئے جامع پلان تیار کیا جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ عید الفطر اور جمعتہ الوداع کے موقع پر شہر بھر میں صفائی کےلئے جامع پلان تیار کیا جائے اور سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا کر اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے، میونسپل اداروں کے ذمہ داران افسران صفائی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عید الفطر اور جمعتہ الوداع کے موقع پر شہر میں صفائی کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں صفائی کےلئے جامع پلان تیار کیا جائے اور افسران ذاتی طور پر صفائی کی نگرانی کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید گاہوں اور مساجد کی طرف جانے والے راستوں کی صفائی یقینی بنائی جائے، راستوں پر چونا بھی ڈالا جائے اور سیوریج کے بارے میں شہریوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں میں بھی مکمل صفائی کی جائے اور وہاں سیکورٹی کے انتظامات بہتر کئے جائیں اور لائٹس کو بھی فنکشنل رکھا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ عید کے موقع پر ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کےلئے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں اور صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کی صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔