لاہور (خبرنگار) کمشنر لاہور علی رندھاوا کی زیر صدارت ایل ڈبلیو ایم سی و پی ایچ اے کا بریفنگ اجلاس ہوا ۔ کمشنر لاہور نے شہر کی صفائی اورسرسبز و خوبصورت لاہور پر جامع بریفنگ طلب کی تھی۔اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، ڈی جی پی ایچ اے طاہر یٰسین وٹو، ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی صاحب دین ڈوگر اور ایل ڈی اے افسران نے شرکت کی ۔کمشنر لاہور نے کہا کہ کوڑے کنٹینرز کو خالی کرنے کے اوقات کنٹینرز پر ہی لکھے ہونے چاہئیں،دو تا تین ہفتوں میں میکینکل سویپرز کی تعداد بڑھنے سے سڑکوں کی صفائی میں واضح ترین فرق سامنے آئیگا۔ سی ای او صاحب دین نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی لوپ ہولز پر قابو پانے کیلئے تیزی سے کمپنی کو ڈیجیٹائز کررہا ہے،ایل ڈبلیو ایم سی نے تمام کنٹینرز کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی ہے۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ ایل ڈبلیو ایم سی سڑکوں پر ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرائے،پی ایچ اے نرسریز کی صلاحیت 3لاکھ پودوں سے 10لاکھ تک بڑھا لی گئی ہے۔ پی ایچ اے کی جانب سے کمشنر لاہور علی رندھاوا کو جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گرین ہاوسز سے پھولدار پودے سال کے سب موسموں میں دستیاب ہوں گے ۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ایل ڈی اے پی ایچ اے کو ایریاز فراہم کریں گے،زیادہ سے زیادہ گرین ہاوسز بنائیں ۔ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے پی ایچ اے نے لاہور میں پھولوں کی کیاریوں کو دوگنا کرلیا ہے،پھولوں کی کیاریوں کی تعداد 7649 سے 14865ہوگئی ہیں۔
ایل ڈبلیو ایم سی سڑکوں پر ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرائے:کمشنر لاہور

















