ممکنہ آپریشن،بشریٰ کی درخواست ایک لاکھ جرمانے کےساتھ خارج

لاہور(کورٹ رپورٹر)زمان پارک میں ممکنہ آپریشن روکنے کیلئے بشریٰ کی درخواست ایک لاکھ جرمانے کےساتھ خارج،تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں عید تعطیلات کے دوران ممکنہ آپریشن روکنے کےلئے بشریٰ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی،درخواست میں وزارت داخلہ، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا اطلاعات ہیں عید تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہو گا، پہلے بھی عمران خان کی غیرموجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا،پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دیا جائے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاخدشات کی بنیاد پرکیا ہو سکتا ہے، عمران خان والے کیس میں لارجر بنچ کیس سن چکا ، آپ کو درخواست دائر ہی نہیں کرنی چاہیے تھی، حکم 5 رکنی بنچ نے دیا تھا تو اب ایسی درخواست دوبارہ کیوں دائرکی،وکیل اظہر صدیق نے کہا درخواست ہراساں کرنے کے حوالے سے تھی یہ درخواست بھی وہی ہے، آپ کی ایسی درخواستوں سے عدالت کا کتنا وقت ضائع ہوتا ہے،کیوں نہ درخواست کو جرمانے کےساتھ خارج کریں اب دلائل دیں کیوں نہ جرمانہ کریں۔

بشریٰ کے وکیل اظہر صدیق نے کہا میں درخواست واپس لے لیتا ہوں،عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے وکیل اظہر صدیق کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔