دہشتگردی سے ملک میں اندرونی خلفشار بڑھا ،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر آئی ہے، افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز نمٹنے کےلئے جواں مردی سے لڑ رہی ہیں، دہشتگردی کے باعث ملک میں اندرونی خلفشار بڑھا ، قوم کو متحد ہو کر دہشتگردی کے ناسور کےخلاف کھڑا ہونا چاہیے۔

سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہاملک کو بیرونی سطح پر بھی مسائل کا سامنا ہے، ماضی کے اقدامات کے باعث چیلنجز سامنے آئے ،سیاسی معاملات کے باعث صورتحال سے صرف نظر نہیں کرسکتے،غلطیوں کا ادراک کر کے آگے چلنا چاہیے،2021 میں افغانستان سے نیٹو فورسز کے انخلا کے باعث سکیورٹی پرقومی اسمبلی اور سینٹ اراکین کو ان کیمرہ بریفنگ دی گئی، ان بریفنگ میں بتایا گیا افغانستان سے نیٹو فورسز کے انخلا کے بعد پاکستان کو کن چیلنجز کا سامنا ہو گا۔

دہشتگردوں کے پاکستان آنے کے خدشات ظاہر کیے گئے اس وقت کی حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کی حامی بھری،اپوزیشن میں تھے، معاملے پر ایوان اور دیگر اجلاسوں میں مذاکرات کی مخالفت کی اور تحفظات ظاہر کیے،اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوں نے دو ٹوک انداز میں کہا آئین کو نہ ماننے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے،پھر بھی واپس لاکر آباد لوگوں کو آباد کیا گیا، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے،معاملے پر متفقہ رائے کا اظہار کرنا چاہیے۔