خیبر پختونخواہ انتخابات: الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا

پشاور (مشرق نیوز) پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا میں انتخابات کیلئے دائر کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا۔ عدالت عالیہ کے جسٹس ابراہیم خان اور جسٹس عبدالشکور نے کیس کی سماعت کی جس کے دوران سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی پیش ہوئے۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ 18 اپریل کو نگراں حکومت کی مدت ختم ہو گئی ہے، مدت ختم ہونے کے باوجود تاحال الیکشن کیلئے تاریخ نہیں دی گئی، الیکشن کا معاملہ ہے، جلد تاریخ دی جائے۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے جواب تیار ہے، الیکشن کیلئے تاریخ گورنر اور الیکشن کمیشن کو دینا ہے۔ جسٹس ابراہیم خان نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر اس کیس کو سنیں گے، کیس کسی بھی طور پر مزید ملتوی نہیں کریں گے، 4 مئی کو کیس سن کر فیصلہ کریں گے۔ اسکے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 4 مئی تک ملتوی کردی۔