ثاقب نثار سیاسی دکان چمکانے کےلئے ہفتہ اتوار کو بھی عدالتیں لگاتے تھے ،شہبازشریف

راولپنڈی(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں علاج کی سہولیات کے باقاعدہ آغاز کا افتتاح کرکے انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا، وزیراعظم مریضوں سے بھی ملے ،خیریت پوچھی اور علاج کی سہولیات کا دریافت کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ملک میں کوئی بھی حکومت آئے جائے لیکن تعلیم و صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے،ثاقب نثار سیاسی دکان چمکانے کےلئے ہفتہ اتوار کو بھی عدالتیں لگا لیتے تھے اگر 20 ارب غرق ہوئے تھے تو پی کے ایل آئی لاہور کا سب سے بڑا کورونا سینٹر کیسے بن گیا ؟۔

مجھے ہسپتال میں جدید آپریشنز دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں،ہسپتال کی بنیاد میں نے 2009 میں رکھی پھر 2013 میں فنڈز مہیا کیے گئے اور اب تک تقریباً 5 ارب لگ چکے ،ہسپتال کو بہت پہلے دکھی انسانیت کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا لیکن پچھلی حکومت نے باقی منصوبوں کی طرح اس ہسپتال کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا،باوجود کورونا وبا کے دوران ہسپتال نے بے پناہ خدمات سرانجام دیں کیونکہ عمارت بنی ہوئی تھی، وینٹی لیٹرز بھی موجود تھے۔

اسی طرح لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) بھی وبا کے دوران کورونا کے علاج کا اہم مرکز بنا، سینکڑوں ہزاروں مریضوں کا علاج ہوتا تھا تاہم ایک شخص دن رات کہتا تھا 20 ارب شہباز شریف نے کہاں لگائے؟ پیسے غرق ہوگئے اس شخص کا نام ثاقب نثار ہے اگر 20 ارب روپے غرق ہوئے تو پی کے ایل آئی لاہور کا سب سے بڑا کورونا سینٹر کیسے بن گیا ؟ آپ نے کیوں عوام کو نہیں بتایا پیسے فلاں فلاں مد میں ہڑپ کرلیے گئے؟،بڑی مشکل سے پی کے ایل آئی کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش جاری ہے، ثاقب نثار اپنے بھائی کو لگوانا چاہتے تھے اور فرشتہ صفت انسان ڈاکٹر سعید اختر کو عدالت میں بلا کر بے عزتی کرتے تھے جو امریکہ سے ملین ڈالرز کی تنخواہ چھوڑ کر پاکستان کی خدمت کرنے آئے ۔

وزیراعظم نے کہا عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجرممنوع قرار دینا چاہیے، کوئی حکومت آئے جائے لیکن تعلیم و صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے،کہتے ہوئے بڑی تکلیف ہوتی ہے جن لوگوں نے محنت کرکے کام کیا اور عوام کی خدمت کی انہیں نیب نیازی گٹھ جوڑ نے جیلوں میں پہنچا یا ،خدا کا شکر ہے ہسپتال میں دوبارہ زندگی آچکی ، خدا کرے دوبارہ کبھی ثاقب نثار جیسے لوگوں کی نظر بد نہ لگے،علاوہ ازیںوزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی،وزیر خارجہ نے وزیرِاعظم کو وزارت خارجہ کے امور سے آگاہ کیا اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔