طالبان افغان خواتین کارکنوں پر پابندی فوری واپس لیں:جی سیون

ٹوکیو (مشرق نیوز) دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی سیون کے وزرائے خارجہ نے افغانستان میں غیرسرکاری تنظیموں اور اقوام متحدہ کے لیے کام کرنے والی خواتین پر پابندی کو ’فوری واپس لینے‘ کا مطالبہ کیا ہے۔جاپان میں دو روزہ مذاکرات کے بعد جاری کردہ بیان میں جی سیون نے طالبان حکام کی جانب سے ’خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں اور مذہبی و نسلی بنیاد پر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک‘ کی مذمت کی۔گروپ نے طالبان حکام کی ’خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر کڑی تنقید کی۔طالبان کی جانب سے اقوام متحدہ میں شامل غیر سرکاری تنظیموں کے لیے کام کرنے والی افغان خواتین پر پابندی میں توسیع کے بعد سے عالمی برداری غم وغصے کا شکار ہے۔طالبان نے اس اقدام پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک اندرونی مسئلہ ہے جس کا تمام فریقین کو احترام کرنا چاہیے۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ طالبان کی جانب سے خواتین امدادی کارکنوں پر پابندی اہم انسانی امداد کے منصوبوں کے لیے ’بہت بڑا دھچکا‘ ثابت ہو سکتی ہے۔