اسلام آباد (بیورورپورٹ)قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کی ناگہانی وفات پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے قومی اعزاز دینے کی قراردا منظور کرلی ،وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کیا گیا، قرارداد میں کہا گیا سانحہ کے تمام حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔
مفتی عبدالشکور کی ملی، دینی اور قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مفتی عبدالشکور نے تمام عمر دین اسلام اور مخلوق خدا کی خدمت کیلئے صرف کی،آئین و جمہوریت کیساتھ وابستگی بھی لائق تحسین رہی، فاٹا میں امن کے قیام میں بہترین کردار ادا کیا ،تحسین پیش کرتے ہیں، حج2022-23کیلئے خدمات اور پاکستانیوں کیلئے حج پیکیج میں رعایت، سہولیات پر بھی مفتی عبدالشکور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اراکین نے وفاقی وزیر مذہبی مفتی عبدالشکور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا انتہائی ایماندار شخصیت اور جید عالم تھے،ایوان اور کابینہ ہی نہیں ملک عظیم شخصیت و مفکر سے محروم ہو گیا ، مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو اتنی تیز گاڑی سے ہٹ کرنا سوال ہے ،ہوسکتا ہے حادثہ ہو مگر ہر پہلو سے تحقیق ہونی چاہیے ،اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو حادثہ ہوا، دہشت گردی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا اب تک کی تحقیقات کے مطابق حادثہ تھا، واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات جاری ہیں اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
مفتی عبدالشکور کوقومی اعزاز دینے کی قراردادمنظور،حادثہ ہوا،دہشتگردی کاکوئی پہلو نہیں،رانا ثنا

















