گندم کی نقل و حمل روکنے کےلئے پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائےگا :کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے قطب شہانہ پل پر گندم سمگلنگ روکنے کےلئے قائم چیک پوسٹ کی اچانک چیکنگ کی، پوسٹ پر محکمہ فوڈ، پولیس اور لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کی غیر موجودگی کا سخت نوٹس لیا اور غیر حاضر سٹاف کےخلاف محکمانہ کاروائی کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے گندم کی نقل و حمل کو روکنے کےلئے لگائی گئی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائےگا تاکہ گندم کی خریداری کا ہدف مکمل کیا جا سکے۔ بعدازاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے کوٹ خادم علی شاہ کی متعدد گلیوں میں سیوریج کے پانی کھڑا ہونے کی عوامی شکایات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کارپوریشن کے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ علاقے کی تمام گلیوں کو صاف کیا جائے تاکہ عید الفطر کے دوران شہریوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ اجلاس میں سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ پانی کی دستیابی کےلئے اب تک 24663کنکشن گھروں تک پہنچاچکے ہیں جبکہ پچھلے ایک ہفتے میں 396کنکشن لگائے گئے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کنکشن لگانے کے بعد گھروں کے سامنے سے ملبہ اٹھانے کی سختی سے ہدایت کی تاکہ مکینوں کو غیر ضروری تکلیف سے بچایا جا سکے۔دوسری طرف ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے اوکاڑہ شہر کی تعمیر و ترقی اوربہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے دو بڑے منصوبوں کی منظوری دےدی ہے جن پر لاگت کا کل تخمینہ 34کروڑ 12لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ ان منصوبوں میں 16کروڑ65لاکھ روپے سے اکبر چوک تا فیصل آباد روڈ نہر لوئر باری دوآب کنارے سڑک کی تعمیر و توسیع کی جائے گی جبکہ 17کروڑ 47لاکھ روپے سے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹف پیوز اور ٹائلز لگائی جائیں گی۔ یہ منظوری کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ڈاکٹر ذیشان حنیف اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اوکاڑہ شہر کے لئے یہ دونوں منصوبے ورلڈ بنک کے تعاون سے جاری پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت مکمل کئے جائیں گے جن کا مقصد شہروں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور شہریوں کو اضافی سہولیات کی فراہمی ہے۔ یہ دونوں منصوبے6ماہ کی مدت میں مکمل ہونگے۔ اجلاس میں 19کروڑ73لاکھ روپے کے فنڈز سے ڈپٹی کمشنر آفس ساہیوال میں 2منزلہ بلاک کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی جس میں پرانی تعمیرات کی مرمت بھی کی جائے گی۔
















