فوج آئینی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے عزم ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (بیورورپورٹ)پاک فوج نے کہا ہے دہشتگردی کے ناسور کے پائیدار خاتمے کےلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ روش اپنانے کی ضرورت ہے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 257ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔

کانفرنس میں پاکستان کو درپیش بیرونی و داخلی سلامتی کے چیلنجوں کے علاوہ ملکی و خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،فورم نے اس بات کی توثیق کی عسکری قیادت چیلنجز کی نوعیت کا مکمل ادراک رکھتی ہے اور عوام کی حمایت کےساتھ اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے عزم ہے، مسلح افواج اندرونی و بیرونی خطرات کا جواب دینے کےلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

کانفرنس نے اندرونی و بیرونی خطرات کےخلاف قومی ردعمل کی مکمل حمایت کےلئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا،کانفرنس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی سکیورٹی فورسز مغربی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہیں،دہشتگردی کا ناسور طویل مدتی بنیادوں پر ختم کرنے کےلئے قوم ،حکومت کو مشترکہ روش اپنانے کی ضرورت ہے۔

بیان میں کہاگیا حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کےخلاف منظور شدہ انسداد دہشتگردی کی مہم مکمل نظام کے ذریعے ملک میں دہشتگردی، انتہا پسندی اور عدم استحکام کے عوامل کا خاتمہ کرے گی،فورم نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے مربوط نفاذ کے ذریعے دہشتگردی پر قابو پانے کےلئے قومی سلامتی کمیٹی کے طے کردہ اہداف کو حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔