ملک سیاسی اور عدالتی بحران کا شکار، انتخابات اکتوبر میں ہونگے: احسن اقبال
نارووال(حسن نواز)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس وقت ملک سیاسی اور عدالتی بحران کا شکار ہے، الیکشن اپنے شیڈول کے مطابق اکتوبر میں ہونگے۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم بنیادی ایشو سمجھے، ہمارا موقف ہے کہ عام انتخابات ایک ساتھ ہوں تاکہ وفاق کی تمام اکائیاں برابر ہوں، اگر پنجاب میں الیکشن ہوجائیں تو پنجاب برتری میں چلا جائیگ، پنجاب کو ویٹو جیسا حق مل جائےگا، اس طرح وفاق کمزور ہوگا۔احسن اقبال نے کہا کہ اگر عدالتی فیصلے کے تحت الیکشن ہوتے ہیں تو نقصان ہوگا۔ پاکستان کے آئین کے ستون کمزور ہونگے، بنیادی جھگڑا اس بات پر ہے کہ پنجاب میں الیکشن پہلے کرانے سے بالا دستی ہوگی۔ بھارت اور پاکستان کے وفاقی ڈھانچے میں فرق ہے،تین رکنی بینچ کا فیصلہ دیکھیں اس میں ہمیں نہیں سنا گیا۔ سب جماعتوں کو شنوائی کا حق کیوں نہیں ملا، سب پارٹیاں سٹیک ہولڈرز ہیں۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کو دوبارہ حکومت دلوائی گئی ، ایک فیصلے سے سیاسی بحران ہوا، پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں کو معطل کیا گیا، سات مہینے پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے فیصلے سے کھیلتی رہی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت اور لیڈر انتشار کی علامت بنے ہوئے ہیں، عدلیہ آئین اور قانون سے معاملات سلجھائے، پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ کے رولز کے حوالے سے ترمیم منظور کی ہے، جس طرح وزیر اعظم کابینہ کے سامنے جوابدہ ہے، اسی طرح چیف جسٹس کے سوموٹو ایکشن کے حوالے سے صوابدیدی ا ختیارات پر یہ ترمیم مقصد ہے کہ چیف جسٹس کے اختیارات ججوں کی رائے سے ہم آہنگ ہوں۔ صوابدیدی اختیارات جس طرح وزیراعظم کے ہیںاسی طرح چیف جسٹس کے ہیں ، صدر کا بل پر دستخط نہ کرنا درست نہیں، عدلیہ اس ترمیم کو سراہے گی۔امید ہے چیف جسٹس فل کورٹ سے حالات کا جائزہ لیں گے، تنازعہ فل کورٹ سے ہی حل ہوگا، ہم سپریم کورٹ کے تقدس کی بحالی چاہتے ہیں۔ عمران خان سہاروں کیساتھ اپنا ایجنڈا چلاتا ہے، اسمبلیاں بد نیتی سے توڑی ہیں، نظام نہیں گرا، اسکی بدنیتی سے سیاسی تخریب کاری ہوئی لہٰذا وفاقی اکائیوں کا تحفظ کیا جائے۔ پنجاب کی وفاق پر بالادستی نہ ہو، پی ٹی آئی وائٹ پیپر جاری کرنے کی بجائے اپنی نااہلی، تباہی پر وائٹ پیپرز جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہاتھ عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدوں کی وجہ سے بندھے ہوئے ہیں، اپنے گریبان میں جھانکیں، مہنگائی کے ذمہ دار آپ ہیں، ہماری کارکردگی کا جائزہ نہ لیں، چار سال اربوں روپے تفتیشوں پہ خرچ کر ڈالے، ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں، اوورسیز پاکستان کے ڈالرز کا سیلاب کہاں گیا، ملک کے بچے بچے کو مقروض کر گئے، آپ کے پیچھے ملک دشمن قوتیں ہیں۔ سو موٹو مظلوموں کیلئے ہے، آج عمران خان امریکی لابنگ فرمز کے سہارے ڈھونڈ رہا ہے، پہلے بیانیہ بنایا، ہمیں جمہوریت کا درس دیا جاتا ہے، سپریم کورٹ کا فرض ہے اپنے 4 ججوں کے فیصلے کا احترام کرے ، اگر کسی نے پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی پارلیمنٹ قانون سازی کے حق سے دستبردار نہیں ہونگے۔

















