سپریم کورٹ بار نے پارلیمنٹ کی قرارداد کو آئین کے منافی قرار دیدیا

اسلام آباد(بیورورپورٹ) سپریم کورٹ بار نے پارلیمنٹ کی قرارداد کو غیرقانونی و آئین کے منافی قرار دیدیا،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرو سیکرٹری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا قانون کی حکمرانی و آئین کی بالادستی کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کےساتھ کھڑے ہیں۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کےخلاف منظور کی گئی صریح غیر قانونی قرار داد کو پاکستان کے آئین اور عدلیہ کی آزادی کے منافی قرار دیتے ہیں، بدقسمتی کی بات ہے قومی اسمبلی جو آئین کے مطابق کام کرنے کی پابند ہے نے آئین کے آرٹیکل 68 کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔

آرٹیکل 68 کسی جج یا جج کے طرز عمل پرپارلیمنٹ میں بحث کرنے سے منع کرتا ہے، اراکین پارلیمنٹ نے عدلیہ کے اراکین کےخلاف توہین آمیز و انتہائی اہانت آمیز تبصرے کیے ، تبصرے نہ صرف آئین کی خلاف ورزی بلکہ عدلیہ کی سالمیت کےلئے براہ راست چیلنج ہیں، پارلیمنٹ، عدلیہ اور ایگزیکٹو کو آزادانہ طور پر کام کرنا چاہیے۔

ریاست کی کوئی شاخ کسی دوسرے پر تجاوز نہیں کر سکتی اور نہ ہی برتر ہے،اعلامیے میں کہا گیامہم کا مقصد عدلیہ پر دباو ڈالنا ہے تاکہ غیر آئینی و غیر جمہوری ایجنڈوں کو حاصل کیا جا سکے، ملک میں موجودہ سیاسی و معاشی بحران پر قابو پانے کےلئے تمام ریاستی اداروں کا باہمی اتحاد بہت ضروری ہے۔