متکبرانہ آمریت کی دھند میں لپٹے عدالتی فیصلے آئین کو برطرف نہیں کر سکتے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاہے متکبرانہ آمریت کی دھند میں لپٹے عدالتی فیصلے آئین کو برطرف نہیں کر سکتے،مقدمات کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں ہوگا تو عوام کا عدلیہ پر اعتماد نہیں رہے گا،6 رکنی بینچ کے فیصلے کی کوئی حیثیت نہیں،رجسٹرار نے 29 مارچ کے فیصلے پر غیرقانونی سرکلر جاری کیا،سپریم کورٹ کے حکم کےخلاف کوئی دوسرا بنچ اپیل نہیں سن سکتا،تفصیلات کے مطابق حافظ قرآن کے 20 اضافی نمبر کیس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا تفصیلی نوٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا۔

تفصیلی فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لکھا ازخود نوٹس نمبر 4/2022 میں 29 مارچ کا حکم 4 اپریل کا نوٹ منسوخ نہیں کر سکتا، متکبرانہ آمریت کی دھندمیں لپٹے کسی کمرہ عدالت سے نکلنے والے فیصلے آئین کو برطرف نہیں کر سکتے،رجسٹرار سپریم کورٹ عشرت علی وفاقی حکومت کے ملازم ہیں، عشرت علی کو ڈیپوٹیشن پر بطور رجسٹرار سپریم کورٹ بھیجا گیا، عشرت علی کو 3 اپریل کو وفاقی حکومت نے بذریعہ نوٹیفکیشن واپس بلا لیا، عشرت علی کو وفاقی حکومت نے فوری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا،عشرت علی نے وفاقی حکومت کے حکم کی تعمیل سے انکار کر دیا، 4اپریل کو عشرت علی نے خود کو غلط طور پر رجسٹرار ظاہر کیا۔

نوٹ میں کہا گیا آئین عدالتوں کو اختیار سماعت بھی دیتا ہے اور مقدمات کے فیصلوں کےلئے بااختیاربھی کرتا ہے اگر غیر موجود اختیار سماعت استعمال کیا جائے تو اآئین کے مطابق عمل کرنے کے حلف کی خلاف ورزی ہوتی ہے، آئین بنچ یا ججوں کو یہ اختیار سماعت نہیں دیتا وہ سپریم کورٹ کے کسی حکم کےخلاف اپیل کا فیصلہ کرنے بیٹھ جائیں،مقدمہ نمبر 4 کی سماعت کےلئے نام نہاد لارجر بنچ کی تشکیل غلط تھی، لارجر بنچ کو (آئینی) عدالت کی حیثیت حاصل نہیں تھی، 4 اپریل 2023 کا سپریم کورٹ کا حکم نامہ نہیں کہلا سکتا، کوئی آئینی و قانونی اثر نہیں ، حکم نامہ کہنا قانونی طور پر غلط ہوگا،4 اپریل کا نوٹ کہا جائے گا۔

فیصلے میں مزید کہا گیاعشرت علی نے 4 اپریل کو اپنے دستخط سے لارجر بنچ بنانے اور سماعت 2 بجے مقرر کرنے کی فہرست جاری کی، لسٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا چیف جسٹس کے حکم پر لارجر بنچ تشکیل دیا گیا ،10 اپریل 1973 کو آئین قومی اسمبلی کے 200 میں سے 196 اراکین کی اتفاق رائے سے منظور کیا گیا ، آئین کی منظوری کےخلاف ایک ووٹ بھی نہیں ڈالا گیایہ دستاویز ہی ہے جس نے وفاق کو باہم جوڑے رکھا ہے، آئین کی پائیداری کا انحصار جمہوری بنیادوں پر ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تفصیلی نوٹ میں لکھا فرض کریں سپریم کورٹ کسی قتل کا مقدمہ خود سننے کا فیصلہ کر لیتی ہے پھر سپریم کورٹ ملزم کو سزا دے دیتی ہے یا بری کر دیتی ہے، سپریم کورٹ کی جانب سے اقدام کا کوئی قانونی اثر نہیں ہو گا نہ تو آئین نہ ہی قانون نے سپریم کورٹ کو فوجداری مقدمہ چلانے کا اختیار سماعت دیا ،مقدمہ کوئی سیشن جج چلا سکتا ہے جو سپریم کورٹ کے ججوں سے 2 درجے نیچے ہے، فیملی کورٹ کا کوئی جج عائلی قانون کے امور کا فیصلہ کر سکتا ہے، اختیار سماعت سپریم کورٹ کو حاصل نہیں ،عدلیہ کا کام آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہے۔

اختیارات سے تجاوز کیا جائے تو ججز کے حلف کی خلاف ورزی ہوگی،لارجربنچ کے حکم سے آمرانہ جھلک آتی ہے جو آئین کا متبادل نہیں ہو سکتا، چیف جسٹس کیلئے استعمال کیا گیا لفظ ماسٹر آف روسٹرز آئین میں کہیں نہیں ملتا،مقدمات کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں ہوگا تو عوام کا عدلیہ پر اعتماد نہیں ہوگا۔