قرارداد سے عدالتی فیصلہ ختم نہیں ہو سکتا،فواد چودھری

لاہور(خبر نگار)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے قراردادوں کے ذریعے عدالتی فیصلے ختم نہیں کیے جا سکتے، مریم چاہتی ہیں شہباز شریف نا اہل ہو جائیں،حکومت الیکشن میں جانا نہیں چاہتی، آئین کہتا ہے اسمبلی تحلیل ہو گی تو 90 دن کے اندر الیکشن ہو گا، حکومت ملک کے آئین پرعمل نہیں کر رہی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا حکمران اقتدار چھوڑ کر عوام میں جانے کو تیار نہیں،عوام سے ووٹ کا حق چھیننا چاہتے ہیں، پنجاب میں توکہا جا رہا ہے باقاعدہ وزارتوں کو خریدا گیا ،فواد چودھری نے مزید کہاپنجاب حکومت 22 اپریل کے بعد ختم ہو جائے گی۔

نگران حکومت اگر 22 اپریل کے بعد کسی کاغذ پر دستخط کرے گی تو سیدھا آرٹیکل 6 لگے گا،پارلیمان نے مضحکہ خیز قرار داد منظور کی گئی، 10 دنوں میں قومی اسمبلی اجلاس میں کتنے اراکین نے شرکت کی تفصیلات سامنے لائی جائیں، قرار داد میں صرف 42 لوگوں نے دستخط کیے، ایوان 342 لوگوں پر مشتمل ہے۔

وزیر قانون، اٹارنی جنرل نے پہلے عدالت کے فیصلے پر اعتراض کیا، کابینہ اعلامیے میں کہا گیا فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،فیصلہ مسترد کرنے والے وزرا توہین کے مرتکب ہوئے، پہلے زرداری نے یوسف رضا گیلانی اور اب مریم نے چچا کو ڈس کوالیفائی کرنے کےلئے جال بچھایا،ادارے پاکستان کے آئین سے منسلک و آئین کی حفاظت کا حلف اٹھایا ،سپریم کورٹ آئین کی محافظ ہے،فواد چودھری نے کہا اگر آپ کو فیصلے سے اختلاف ہے تو ریویو فائل کریں، کہنا بینچ 2، یا 8 کا ہو، فلاں جج ہونا چاہیے فلاں نہیں، کونسا بینچ ہو گا اختیار چیف جسٹس کا ہے۔

میرا سپریم کورٹ کے فیصلے سے اختلاف ہے، الیکشن 90 دنوں سے آگے نہیں جانا چاہیے تھا لیکن سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے، تمام اداروں نے آئین کو پروٹیکٹ کرنا ہے تو بحران کا مسئلہ حل ہو جائے گا،حکومت بضد رہی تو پھربڑی تحریک کےلئے تیار ہیں،حکمران مارشل لا کے علاوہ الیکشن کو نہیں ٹال سکتے، معاشی بحران کے خاتمے کیلئے ضروری ہے پہلے سیاسی بحران ختم ہو۔