الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم،پنجاب میں انتخابات14مئی کو کرائے جائیں،سپریم کورٹ کاحکم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم،پنجاب میں انتخابات14مئی کو کرائے جائیں،سپریم کورٹ کاحکم،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب ،خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی ہونے کےخلاف تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن کرانے کا حکم دےدیاجبکہ عدالت عظمیٰ نے ہدایت کی وفاقی حکومت 10 اپریل تک 21 ارب جاری کرے،امیدواروں کی حتمی فہرست 19 اپریل تک جاری کی جائے۔

انتخابی نشانات 20 اپریل کو الاٹ کیے جائیں،14 مئی کو پنجاب اسمبلی کے الیکشن کرائے جائیں،نگران حکومت، آئی جی ،چیف سیکرٹری پنجاب سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائےں،الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلے سے 13 دن ضائع ہوئے، آئین و قانون الیکشن کمیشن کو تاریخ میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی 8 اکتوبر کی تاریخ دے کر دائرہ اختیار سے تجاوز کیا،وفاقی حکومت کی جانب سے اگر الیکشن کمیشن کی معاونت نہیں کی جاتی تو الیکشن کمیشن آگاہ کرے۔

سپریم کورٹ کی توجہ 2 اقلیتی نوٹسز پر دلوائی گئی، ججز کے نوٹ میں 4-3کے تناسب والا معاملہ قانون کےخلاف ہے، جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور امین الدین خان کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکن بنچ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے قرآن کی آیت سے ابتدائی فیصلہ سنانے کا آغاز کیا، فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جاتا ہے، صدر مملکت کی دی گئی تاریخ کا فیصلہ بحال کیا جاتا ہے، آئین وقانون انتخابات کی تاریخ ملتوی کرنے کا اختیارنہیں دیتا، 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا تب انتخابی عمل پانچویں مرحلے پر تھا، الیکشن کمیشن کے آرڈر کے باعث 13 دن ضائع ہو گئے، الیکشن کمیشن نے غیر آئینی فیصلہ کیا،سپریم کورٹ نے حکم دیا پنجاب میں انتخابات شفاف، غیرجانبدارانہ اور قانون کے مطابق کرائے جائیں۔

الیکشن کمیشن 11 اپریل کو سپریم کورٹ میں فنڈ مہیا کرنے کی رپورٹ جمع کرائے، الیکشن کمیشن فنڈ کی رپورٹ بنچ ممبران کو چیمبر میں جمع کرائے، فنڈ نہ ملنے کی صورت میں سپریم کورٹ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرے گی، پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کو سکیورٹی پلان دے، پنجاب کی نگران کابینہ ، چیف سیکرٹری 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو انتخاباتی عملے کےلئے رپورٹ کریں، نگران حکومت پنجاب میں انتخابات کےلئے الیکشن کمیشن کو تمام معاونت و وسائل فراہم کرے۔

وفاقی حکومت انتخابات کےلئے وسائل اور معاونت فراہم کرے،فیصلے میں مزید کہا گیا وفاقی حکومت انتخابات کےلئے فوج، رینجرز، ایف سی و دیگر اہلکار فراہم کرے،وفاق اور نگران حکومت پنجاب نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کیا تو کمیشن آگاہ کرے، کے پی میں انتخابات کےلئے گورنر کی طرف سے عدالت میں نمائندگی نہیں کی گئی، کے پی کی حد تک معاملہ زیر سماعت رہے گا،کے پی میں الیکشن کی تاریخ کےلئے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے، کے پی میں انتخابات کےلئے درخواست گزار عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔