اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے 4ججز نے سوموٹو نوٹس کو مسترد کیا ، الیکشن کیس کا فیصلہ فل کورٹ کے ذریعے کیا جائے، صرف انصاف ہونا ہی نہیں چاہیے بلکہ انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہیے، ہر طرف سے فل بنچ کا مطالبہ ہے تو مان لینے میں کیا حرج ہے،حالات اس طرف گئے تو حکومت کے پاس ایمرجنسی کا آپشن موجود ہوتا ہے، آئین میں ایمرجنسی کا آرٹیکل موجود ہے، وہ آرٹیکل کہیں گیا نہیں ۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے مزید کہاسیاسی و معاشی بحران کےساتھ آئینی بحران بھی عمران نیازی کی فتنہ سیاست کی وجہ سے ہے، الیکشن آئین میں دی گئی سکیم کے تحت نگران حکومت کے سیٹ اپ کے تحت ایک ہی روز ہونے چاہئیں،موقف پوری قوم کی آواز ہے ،پوری قوم کا مطالبہ ہے فل کورٹ بنے۔
فتنہ خان ملک کو سیاسی بحران افراتفری اور انارکی کی طرف دھکیل رہا ہے،پچھلے 10سال کی محنت کے بعد عمرانی فتنے نے ملک میں سیاسی بحران پیدا کیا اسی کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران ہے ، آئی ایم ایف سے معاہدہ اور 4سالہ پالیسیوں کی وجہ سے بحران ہے،فتنے نے کبھی لانگ مارچ ، کبھی اسلام آباد پر حملہ اور کبھی جیل بھر و تحریک چلائی ،ناکام ہوا تو پھر اسمبلیاں توڑ دیں۔
ملک بھر میں الیکشن ایک ہی وقت میں ہونے چاہئیں ،2صوبوں میں پہلے الیکشن سے نیا بحران اور انارکی جنم لے گی ،عدالت عظمیٰ کے فیصلوں میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ کےخلاف تو عدالت عظمیٰ کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔
حکومت کے پاس ایمرجنسی کا آپشن موجود ہے،رانا ثنا



















