آٹا فراہمی میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہیے،کوئی شہری خالی ہاتھ نہ لوٹے،محسن نقوی

لاہور ( خبر نگار) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وزیراعظم اور پنجا ب حکومت کے تاریخ ساز رمضان پیکیج کے تحت ننکانہ صاحب میں فری آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز کے اچانک دورے کئے اور سنٹرز پر شہریوں کی سہولت کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے مغل شادی ہال ،جمنیزم ہال میں قائم فری آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر ز کا وزٹ کیا ،شہریوں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات کو سراہا اور آٹے کی فراہمی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا، محسن نقوی نے سنٹرز پر مرد و خواتین کے شناختی کارڈز کی تصدیق کے عمل کا معائنہ کیا ،اپنی نگرانی میں بعض مرد و خواتین کے شناختی کارڈز کی تصدیق کرائی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا سنٹرز پر انتظامات پہلے سے کہیں بہتر ہیں و شہریوں کو عزت کےساتھ آٹے کی فراہمی جاری ہے،انتظامیہ و دیگر اداروں کو اچھے انتظامات پر شاباش دیتا ہوں،کار خیر ہے اور آپ کی محنت سے نیک کام میں بہتری آئی ہے،محسن نقوی نے سنٹرز پر آٹا لینے کیلئے آئے مرد و خواتین سے گفتگو کی اورسہولتوں کا پوچھا۔

محسن نقوی نے تصدیق سے آٹے کی فراہمی کے عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا شہریوں کو آٹے کی فراہمی میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہئے،انتظامیہ کی کارکردگی و صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مفت آٹا سنٹرز کے دورے کر رہا ہوں،سنٹرز پر آٹے کے تھیلے وافر مقدار میں ہونے چاہئیں اور کوئی آٹا لئے بغیر نہ لوٹے۔