پاکستان چین کے ساتھ گہرے صنعتی تعاون کا خواہشمند ہے: احسن اقبال

بیجنگ (مشرق نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے نے پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد فراہم کی ،پاکستان چین کے ساتھ گہرے صنعتی تعاون کا خواہشمند ہے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال دی باو فورم فار ایشیا کی سالانہ کانفرنس 2023ءمیں شرکت کے بعدبیجنگ پہنچے جہاں انہوں نے پیر کو پاور چائناکے صدر چان گوانفو سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سی پیک کی کامیابی میں چینی کاروباری اداروں کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ کبھی نہیں بھولیں گے کہ چین نے انکی اسوقت مدد کی جب پورا ملک بجلی کی قلت کے باعث اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ سی پیک توانائی کے منصوبوں کے ذریعے پاکستان اپنی توانائی کی کمی پر قابو پانے میں کامیاب ہوا۔ پاور چائنا کی پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی اور پاکستان کی توانائی اور انفراسٹرکچر کو بڑھانے کیلئے کئی اہم منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں پورٹ قاسم میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس، حویلی بہادر شاہ میں آر ایل این جی پاور پلانٹ اور داو¿د ونڈ پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے پاور چائنا کو شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جس کیلئے حکومت نے 10,000 میگاواٹ شروع کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے پاور چائنا کو حکومت کی جانب سے منصوبوں پر عملدرآمد اور تمام مسائل کے حل کیلئے مکمل سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا ۔ بعد ازاں چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے چیئرمین مسٹر ڈو فی نےاحسن اقبال سے ملاقات کی۔ وزیر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت پر زور دیا، جو کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کا اہم منصوبہ ہے جو کہ گزشتہ چند سالوں میں پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور جدید بنانے میں ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں رابطے کے منصوبوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔