بلیم گیم ملک و قوم کیلئے نقصان دہ، سیاسی سیزفائر ناگزیر ہے: ڈاکٹر ملیحہ لودھی

نیویارک (خواجہ فاروق سے) سابق سفیر و سابق مستقل مندوب اقوام متحدہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ صرف ایک نہیں پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، زندگی میں ایسی صورتحال پہلے نہیں دیکھی، موجودہ صورتحال میں سیاسی سیز فائر کی ضرورت ہے، یہ کہنا بہت آسان ہے کہ انتخاب کرا دیں سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، سیاسی لیڈران کے درمیان الیکشن رولز کیلئے معاہدہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بلیم گیم کا ملک اورعوام کو کوئی فائدہ نہیں، سب سے اہم چیز ملک کی اکانومی ہے، اس وقت پاکستان کو 11 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی ہی ہونا چاہیے، عدالت کا کام انصاف کرنا ہوتا ہے، فوج کو طرف داری کا بھی کہتے ہیں اور پھر ان پر تنقید بھی کرتے ہیں، سیاستدانوں کو ان کرائسز کا حل نکالنا چاہیے، ہماری ریاست ناکام نہیں ہوئی گورننس ناکام ہوئی، لڑائی جھگڑے بہت شدت اختیار کر گئے ہیں۔