انتخابات سے خوفزدہ ن لیگ چیف جسٹس کودھمکا رہی ہے: عمران خان

اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے انتخابات سے خوفزدہ ن لیگ چیف جسٹس کودھمکا رہی ہے،عمران خان نے ٹوئٹر بیان میں کہا ن لیگ نے جیسے1997میں نوازشریف کےخلاف توہین عدالت کی درخواست پرسماعت کرنےوالے چیف جسٹس سجادعلی شاہ پرحملے کیلئے سپریم کورٹ پر دھاوا بولا ویسے ہی ایک مرتبہ پھر یہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کودھمکا رہی ہے کیونکہ انتخابات سے خوفزدہ ہے،انہوں نے کہا میں چاہتاہوں ضرورت پڑنے پرپوری قوم آئین،جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیاررہے،عمران خان نے کہا ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرینگے جو اس سازش کیخلاف کھڑی ہونے کو تیار ہیں،انہوں نے مزید کہا میری اپنی وکلاءبرادری سے خصوصی اپیل ہے آئین پاکستان اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے اسی طرح آگے بڑھ کر کردار اداکریں جیسا انہوں نے2007کی وکلاءتحریک کے دوران کیا،صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی، پاکستانی فوج میری فوج ہے اور پاکستان ہم سب کا ہے، عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔