لاہور (کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں زرعی پیداوار کو بڑھانے کیلئے ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کے فروغ کے حوالے صوبائی سیڈ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے چاول کی تمام 8 سفارشات کو مناسب اہمیت دی جائےگی۔ اتوار کو یہاں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے بامقصد و قابل عمل سفارشات تیار کرنے پر کمیٹی کے تمام اراکین کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان سے زراعت کے شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین پر مشتمل ٹیم ان تجاویز کے انکی روح کے مطابق نفاذ کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف زراعت کے شعبے کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ان کی ہدایت پر ملک میں فصلوں کی بہتر پیداوار کیلئے بہترین کوالٹی کے بیج متعارف کرانے کیلئے میری سربراہی میں صوبائی سیڈ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے) کے چیئرمین شہزاد علی ملک، ستارہ امتیاز، کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی نے سب سے پہلے ریسرچ اور مقامی بیج کی پیداوار کیلئے مراعاتی پیکیج پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سفارش کی ہے کہ بیجوں پر تحقیق و پیداوار اور ہائبرڈ سیڈ میں کامیاب ٹریک ریکارڈ رکھنے اور طے شدہ معیارات پر پورا اترنے والوں کو رعایتی نرخوں اور طویل مدتی لیز کی بنیاد پر سرکاری زمین الاٹ کرنے اور کارپوریٹ فارمنگ کو فروغ پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ کمیٹی کی سفارشات پر روشنی ڈالتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ بیج کی پیداوار/درآمد کے اہداف کے عنوان کے تحت سیڈ رولز 2016 میں ترمیم کر کے بیج کی مقامی طور پر پیداوار کے اہداف کے حصول کیلئے قومی اور ملٹی نیشنل سیڈ کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو بتدریج درآمد سے مقامی بیج کی پیداوار کی طرف منتقل ہونے پر مجبور کیا جائے کیونکہ جب تک ایسا نہیں ہو گا وہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بیجوں کی مقامی سطح پر پیداوار میں سرمایہ کاری نہیں کریں گی۔ کمیٹی نے یہ سفارش بھی کی ہے کہ ان سیڈ پروڈیوسرز کوریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور مقامی طور پر بیجوں کی پیداوار کیلئے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں اور ان محققین اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے بریڈرز کیلئے 50 ملین روپے کی نقد مراعات کا اعلان کیا جائے جن کی اقسام تجارتی طور پر کامیاب ہوں اور 3 سال تک فروخت اور پیداوار میں کم از کم 10 فیصد اضافہ کریں۔ کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ بیج کی منظوری اور ریگولیٹری فریم ورک میں ترامیم کی جائیں سیڈ سے متعلقہ تمام سب کمیٹی میں پاکستان ہائی ٹیک ہائبریڈ سیڈ ایسوسی ایشن اور رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔یہ بھی سفارش کی گئی کہ بیج کی اقسام اور ہائبرڈ معیار کے ٹیسٹ کیلئے قومی اور صوبائی سطح پر سرکاری لیبارٹریز کی تعداد ایک سے بڑھا کر کم از کم تین کی جائے۔
ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کا فروغ، صوبائی سیڈ کمیٹی کی سفارشات کو مناسب اہمیت دی جائےگی : گورنر پنجاب

















