صدر کا خط خالصتاً تحریک انصاف کی پریس ریلیز ہے: وزیراعظم

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط کا جواب دیتے ہوئے یکطرفہ اور حکومت مخالف قرار دےدیا اور جوابی خط میں کہا ہے کہ آپکا خط صدر کے آئینی منصب کا آئینہ دار نہیں، یہ تحریکِ انصاف کا پریس ریلیز دکھائی دیتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر عارف علوی کو 5 صفحات اور 7 نکات پر مشتمل جوابی خط لکھ دیا۔
خط میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا ہے کہ کہنے پر مجبور ہوں کہ آپکا خط یکطرفہ اور حکومت مخالف خیالات کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت مخالف خیالات کا آپ کھلم کھلا اظہار کرتے ہیں، آپکا خط صدر کے آئینی منصب کا آئینہ دار نہیں، آپ مسلسل یہی کر رہے ہیں، آپ نے قومی اسمبلی کی تحلیل کر کے سابق وزیراعظم کی غیر آئینی ہدایت پر عمل کیا۔
وزیراعظم کا خط میں کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے آپ کے حکم کو سپریم کورٹ نے 7 اپریل کو غیر آئینی قرار دیا، آرٹیکل 91 کلاز 5 کے تحت میرے حلف پر بھی آپ آئینی فرض نبھانے میں ناکام ہوئے، کئی مواقع پر آپ منتخب آئینی حکومت کے خلاف فعال انداز میں کام کرتے آ رہے ہیں۔
شہباز شریف کا خط میں کہنا ہے کہ میں نے آپکے ساتھ اچھی ورکنگ ریلیشن شپ کی پوری کوشش کی، خط میں آپکے لب و لہجے کے سبب آپ کو جواب دینے پر مجبور ہوا ہوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آپ کا حوالہ ایک جماعت کے سیاستدانوں اور کارکنوں سے متعلق ہے۔
ان کا خط میں کہنا ہے کہ آئین کے تحت آئین اور قانون کا مطلوبہ تحفظ ان تمام افراد کو دیا گیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ریاستی عملداری کیلئے ضابطوں پر سختی سے عمل کیا، تمام افراد نے قانون کے مطابق داد رسی کے مطلوبہ فورمز سے رجوع کیا ہے۔
خط میں وزیراعظم نے لکھا ہے کہ جماعتی وابستگی کے سبب آپ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کو فراموش کر دیا، آپ نے نجی و سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ اور افراتفری کی کوششوں کو نظر انداز کر دیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ملک کو معاشی ڈیفالٹ کے کنارے لانے کی کوششوں آپ نے نظر انداز کر دی، پی ٹی آئی کی وجہ سے آئین، انسانی حقوق اور جمہوریت کے مستقبل سے متعلق پاکستان کی عالمی ساکھ خراب ہوئی۔
وزیراعظم نے خط میں لکھا ہے کہ آپ کی جانب سے بطور صدر عمران خان کی عدالتی حکم عدولی اور تعمیل کرانے والوں پر حملوں کی مذمت نہیں کی گئی، عدالتی حکم پر کسی سیاسی جماعت کی ایسی عسکریت پسندی کبھی نہیں دیکھی گئی، ہماری حکومت آئین کے آرٹیکل 19 کے مطابق آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے، یہ آزادی آئین اور قانون کی حدود و قیود میں استعمال کرنے کی اجازت ہے۔
خط میں وزیراعظم اعظم کا کہنا ہے کہ جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی تو آپ نے کبھی اِس پر آواز بلند نہیں کی، آپکی توجہ ہیومن رائٹس واچ کی سالانہ ورلڈ رپورٹ 2022ءکی طرف دلاتا ہوں، 2022ءمیں پی ٹی آئی اقتدار میں تھی، اس رپورٹ میں ہے کہ حکومت پاکستان کے میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوششیں تیز کر چکی ہے۔ صدر کو جوابی خط میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ رپورٹ میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اختلافِ رائے کو کچل رہی ہے، رپورٹ میں صحافیوں، سول سوسائٹی، سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے کی تمام تفصیل موجود ہے، رپورٹ میں صحافیوں، سول سوسائٹی، سیاسی مخالفین کو قید و بند اور نشانہ بنانے کی تفصیل ہے۔
انہوں نے خط میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں انسانی حقوق کا قومی کمیشن معطل رہا، قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ پی ٹی آئی کی حکومت پر فردِ جرم ہے، عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی رپورٹس میں پی ٹی آئی کی حکومت کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا خط میں کہنا ہے کہ رکنِ قومی اسمبلی رانا ثنائاللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا جس کی سزا موت ہے، مرد و خواتین ارکانِ پارلیمان کو قید و بند اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنایا گیا، ایک سابق وزیراعظم کے خاندان کی خاتون رکن کو بھی معاف نہ کیا گیا، سیاسی مخالفین کا صفایا کرنے کیلئے نیب کو استعمال کیا گیا، افسوس بطور صدرِ پاکستان آپ نے ایک بار بھی کسی بھی واقعہ پر آواز بلند نہ کی۔ صدر کو لکھے گئے خط میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپ بطور صدر اِن خلاف ورزیوں پر ا±س وقت کی حکومت سے پوچھ سکتے تھے، آپ کے خط کا جواب اسی لئے دے رہا ہوں تاکہ آپ کے یکطرفہ روئیے کو ریکارڈ پر لاﺅں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خط میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے آپ نے پنجاب اور کے پی کی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ دےدی، آپ کا یہ فیصلہ سپریم کورٹ نے یکم مارچ 2023ءکے حکم سے مسترد کر دیا، آپ نے 2 صوبوں میں بدنیتی پر مبنی اسمبلیوں کی تحلیل پر کوئی تشویش تک ظاہر نہ کی، یہ سب آپ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی انا اور تکبر کی تسکین کیلئے کیا۔ انہوں نے خط میں کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں آئینی مقصد کیلئے نہیں، وفاقی حکومت کو بلیک میل کرنے کیلئے تحلیل کی گئیں، یہ بھی نہ سوچا کہ دو اسمبلیوں کے پہلے الیکشن سے نیا آئینی بحران پیدا ہو گا، آرٹیکل 218 کلاز 3 کے تحت شفاف، آزادانہ، غیر جانبدارانہ انتخابات کے تقاضے بھی فراموش کر دیے گئے، آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو آپ نے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا جو نہایت افسوسناک ہے۔
شہباز شریف کا خط میں کہنا ہے کہ آپ کا یہ طرزِ عمل صدر کے آئینی کردار کے مطابق نہیں، الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر 2023ءکو پنجاب میں انتخابات کرانے کی تاریخ دی ہے، تمام وفاقی اور صوبائی اداروں نے متعلقہ اطلاعات الیکشن کمیشن کو مہیا کی ہیں، الیکشن کرانے کی ذمہ داری آئین نے الیکشن کمیشن کو سونپی ہے، الیکشن کمیشن نے طے کرنا ہے کہ شفاف و آزادانہ انتخاب کیلئے سازگار ماحول موجود ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ صدر نے خط میں سابق وفاقی وزراءکے جارحانہ رویے اور اندازِ بیان پر اعتراض نہیں کیا، سابق حکومت کے وزراءمسلسل الیکشن کمیشن کے اختیار اور ساکھ پر حملے کر رہے ہیں، آئین کے آرٹیکل 46 اور رولز آف بزنس کی شق 15 پانچ بی کی صدر کی تشریح درست نہیں، صدر اور وزیرِ اعظم کے درمیان مشاورت کی آپکی بات درست نہیں۔
وزیراعظم نے خط میں مزید کہا ہے کہ پئین کے آرٹیکل 48 کلاز 1 کے تحت صدر کابینہ یا وزیراعظم کی ایڈوائس پر کام کرنے کے پابند ہیں، صدر کو مطلع رکھنے کی حد تک اس کا اطلاق ہے، نہ زیادہ نہ اس سے کم، وفاقی حکومت کے انتظامی اختیار کے استعمال میں وزیراعظم صدر کی مشاورت کے پابند نہیں، جناب صدر! میں اور وفاقی حکومت آئین کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ صدرِ مملکت کو جوابی خط میں وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ہم آئین کی مکمل پاسداری، پاسبانی اور دفاع کے عہد پر کاربند ہیں، ہم آئین میں درج ہر شہری کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر بھی کاربند ہیں، حکومت پرعزم ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے اور ریاست کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دی جائے، یقین دلاتا ہوں کہ آئینی طور پر منتخب حکومت کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔ واضح رہے ہ صدرِ مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو 24 مارچ کو خط لکھا تھا۔