مفت آٹا پروگرام سے ایک کروڑ 50 لاکھ خاندان مستفید ہونگے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ)حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی جاری ہے اور اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے قائداعظم سٹیڈیم،ساہیوال کلب اور ہڑپہ سٹیشن پر مفت آٹا تقسیم پوائنٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کارڈ سکین کرنے کا نظام مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑے اور انہیں آٹا آسانی سے فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام سے صوبے بھر کے ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد خاندان مستفید ہونگے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سنٹرز پر آنےوالے بزرگوں کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں فوری آٹا فراہم کیا جائے تاکہ لائن میں زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے۔