شفاف انتخابات میں بدنیتی ہوئی تو سپریم کورٹ مداخلت کرے گی،چیف جسٹس

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے ہیںعدلیہ کوآڈیو ٹیپس کے ذریعے بدنام کیا جا رہا ہے، درگزر سے کام لیکر ادارے کا تحفظ کریں گے، شفاف انتخابات میں بدنیتی ہوئی تو سپریم کورٹ مداخلت کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے درخواست واپس لینے پر غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کیخلاف اپیل خارج کردی،وکیل الیکشن کمیشن نے کہا نگران حکومت کے قیام کے بعد الیکشن شیڈول جاری ہوچکا ، آرٹیکل218 کے تحت صاف شفاف الیکشن کرانا ذمہ داری ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے بیورو کریسی میں تبادلے کرنا بھی الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، نگران حکومت بھی الیکشن کمیشن کی منظوری سے کسی افسرکا تبادلہ کرسکتی ہے۔

چیف جسٹس نے کہاصاف شفاف الیکشن کیلئے تبادلوں کا اختیار الیکشن کمیشن استعمال کرتا ہے، ثابت ہوگیا نگران حکومت تبادلے الیکشن کمیشن کی اجازت سے کرتی ہے، الیکشن کمیشن خود بھی نگران حکومت کوافسروں کے تبادلوں کے احکامات دے سکتا ہے،جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا الیکشن کمیشن کا اختیار بڑا وسیع ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں برابری کا موقع ملنا چاہیے، الیکشن کمیشن کو نگران حکومت کو تبادلوں کا کھلا اختیار نہیں دینا چاہیے، بعض اوقات سپریم کورٹ کی باتوں کو غلط طریقے سے سمجھا جاتا ہے، ایک کیس میں کہا 1988 میں ایماندار وزیراعظم تھا،بات کو پارلیمنٹ نے غلط سمجھا، نہیں کہا آج تک صرف ایک ہی ایماندار وزیراعظم آیا،آئینی اداروں کو اپنے فیصلوں میں تحفظ دیا ۔

عدلیہ پربھی حملے ہو رہے ہیں، عدلیہ کا تحفظ کریں گے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے جسے سپریم کورٹ تحفظ فراہم کرے گی، الیکشن کمیشن کوآئین کے تحت اختیارات حاصل ہیں جن کا مقصد شفاف انتخابات کرانا ہے اگر شفاف انتخابات میں بدنیتی ہوگی تو سپریم کورٹ مداخلت کرے گی،چیف جسٹس نے کہاسپریم کورٹ آئینی ادارہ ہے ،آڈیو ٹیپس کے ذریعے بدنام کیا جا رہا ہے، صبر و درگزر سے کام لیکر آئینی ادارے کا تحفظ کریں گے، آئینی اداروں کوبدنام کرنیوالی آڈیوٹیپس کی کوئی اہمیت نہیں ،صبر اور درگزر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔