جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے ٹریپ کیا گیا، قتل ہونے سے اللہ نے بچایا، عمران خان

لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے پی ڈی ایم فوج اور پی ٹی آئی کو لڑانے کی پوری کوشش کررہی ہے، جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے ٹریپ کیا گیا، قتل ہونے سے اللہ نے بچایا، کیسز کرنے کا مقصد مجھے نکال کر قتل کرنا ہے، ایک ہی مقصد مجھے راستے سے ہٹانا ہے، ملک کی بڑی پارٹی کے سربراہ کو اگر قتل کریں گے تو فساد ہو گا۔

چیف جسٹس سے اپیل ہے میرے کیسز کی ویڈ یو کانفرنسز کے ذریعے سماعت کرائیں ، میں اپنے ہر کیس میں پیش ہوں گا ،جب میری سکیورٹی ایکسپوز کرتے رہیں گے تو زیادہ دیر نہیں کبھی نہ کبھی کامیاب ہو جائیں گے پھر کون ذمہ دار ہوگا، ظلم وتشدد کے ثبوت عالمی انسانی حقوق کے اداروں کے سامنے رکھیں گے،یورپی یونین کو اپروچ کر رہے ہیں۔

،فوج بھی میری ہے ملک بھی میر اہے ، جینا مرنا پاکستان میں ہے ، بوریا بستر اٹھا کر باہر نہیں بھاگنا ، حکمران چاہتے ہیں فوج کو پی ٹی آئی کیخلاف ورغلایا جائے،ان خیالات کااظہار انہوں نے ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے مزید کہاہفتے کے روز لاہور سے اسلام آباد گیا تو مجھے علم تھا جیل جاﺅں گا یا قتل کر دیا جاﺅں گا، کوئی یہ نہ کہے عمران خان عدالت میں پیش ہونے سے ڈرتا ہے اور میں نے وعدہ کیا ہوا تھا مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوں گا اس دوران فاشسٹ و امپورٹڈ حکومت نے میرے ساتھ جو کیا وہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی کےساتھ نہیں کیا گیا ،ایک آدمی عدالت میں پیش ہونے کےلئے آرہا ہے لیکن شیلنگ کی جارہی ہے۔

اسلام آباد کے ٹول پلازہ سے ساری موٹر وے کو بند کر دیاگیا،مقصد تھا صرف عمران خان اکیلے گاڑی نکلے اور باقیوں کو روک دیا جائے ، راستے میں رکاوٹیں لگا کر روکتے رہے ، مجھے ساڑھے 4گھنٹے ٹول پلازہ سے جوڈیشل کمپلیکس تک پہنچنے میں لگے وہاں پر بغیر کسی وجہ کے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کی گئی اسی دوران لوگ آنا شروع ہو گئے اور مجھے نہیں پتہ وہ لوگ کہاں سے آئے اور ساتھ چلنا شروع ہو گئے ، معجزہ دیکھا تیز ہوا چلی اور جہاں سے پولیس شیلنگ کر رہی تھی وہ آنسو گیس ساری واپس چلی گئی۔

جوڈیشل کمپلیکس کے دروازے پر 40منٹ کھڑا رہا ، جب دروازے کے اندر جانے لگا تو کیا دیکھتا ہوں پولیس ہی پولیس ہے ، رینجرز ہے ، وہاں نامعلوم افراد شلوار قمیضوں میں موجود تھے، اس دوران میرے رہنما نے جلدی سے آکر اشارہ کیا واپس نکلو ، کیوں اشارہ کیا میں سمجھ گیا پھر گاڑی نکال لی ،پولیس کو اندر نہیں گھسنے دیا گیا پھر نا معلوم افراد کواندر کیسے جانے دیا گیا۔

بڑے ادب سے چیف جسٹس سے مخاطب ہو کر کہہ رہا ہوں ملک میں حالات کیا ہو رہے ہیں، میں نے اپنی زندگی میں کبھی ایسے حالات نہیں دیکھتے ،ملک میں کوئی قانون نہیں ،آئین کا کوئی احترام نہیں ، ہر قسم کا حربہ استعمال کیا جارہا ہے ،صرف ایک مقصد ہے عمران خان کو راستے سے ہٹا جو مرضی کر لیں جتنی مرضی دھاندلی کر لیں انتخابات نہیں جیت سکتے اس لئے مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔

دریں اثنا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی،جلسے سمیت موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا حالات کیسے بھی ہوں ظلم کے آگے کبھی نہیں جھکوں گا، عوام جاگ چکے ،جلسہ ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔