فساد پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے،حکمران اتحاد ،پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس طلب

اسلام آباد(بیورورپورٹ)آرمی چیف ،اداروں کیخلاف مہم ناقابل برداشت ہے،فساد پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے،حکمران اتحاد کافیصلہ،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اتحادیوں کا 6 گھنٹے طویل اجلاس ہوا،اجلاس کے 2سیشنز ہوئے، پہلے سیشن میں سیاسی قیادت کی بیٹھک ہوئی ،دوسرے سیشن میں آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی و دیگر نے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا 22مارچ کوپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہو گا، اجلاس کے دوران ریاستی عملدراری یقینی بنانے کےلئے اہم فیصلے ہوں گے،پولیس، رینجرز پر عمران خان کے حکم پر حملوں و تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

حکمران اتحاد کی طرف سے بتایا گیا پولیس و رینجرز عدالتی احکامات پر عملدرآمد کر رہے تھے،اعلامیے میں کہا گیا کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ جتھوں کے ذریعے ریاستی اداروں و اہلکاروں پر لشکر کشی انتہائی تشویشناک ہے،ریاست دشمنی کوبرداشت نہیں کیا جا سکتا، تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

شرکا نے کہا سوشل میڈیا و بیرون ملک اداروں خصوصاً آرمی چیف کےخلاف مہم کی شدید مذمت کرتے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی مذموم ایجنڈے کا حصہ نہ بنیں، لسبیلہ کے شہداءکےخلاف غلیظ مہم چلانے والے عناصر ہی بیرون ملک مہم چلا رہے ہیں ایسے عناصر کےخلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا، کسی بھی معاشرے میں ایسارویہ قابل قبول نہیں ہوتا، اقدام آزادی اظہار نہیں۔

دریں اثناحکمران اتحاد نے فیصلہ کیا افراتفری پھیلانے والے عناصر کیساتھ سختی سے نمٹاجائےگا،اجلاس میںحساس اداروں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی،ملک کی سیاسی اورپنجاب و خیبرپختونخوا میں انتخابات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،مختلف قومی امور زیرغور لائے گئے،حساس اداروں کے سربراہ بھی مشاورتی عمل کا حصہ بنے۔

شرکا کو لاہور ،اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پرتشدد کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی،سی سی پی او لاہور نے بھی تفصیل سے آگاہ کیا،بریفنگ کے دوران شرکاءکو بتایا گیا انتشار پھیلانے والے کارکن اجرت پر بلائے گئے تھے،گرفتار افراد سے دوران تفتیش اہم انکشافات بھی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماوں کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں،شرکا نے پی ٹی آئی چیئر مین کیخلاف دوٹوک پالیسی اپنانے کی رائے دیتے ہوئے کہا حکومتی رٹ کی عملداری کیلئے عمران خان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہو گا،شرکاءنے عدلیہ کے کردار پر نظر ثانی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا قانون سب کیلئے برابر ہے تو سابق وزیراعظم عمران خان قانون سے بالاتر کیوں ہیں، شرپسندی سے باز نہ آنے والوں کےخلاف کارروائی کیلئے سکیورٹی اداروں کو فری ہینڈ دینے پر بھی غور کیا گیا۔

اس سے قبل اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج اور سربراہ کےخلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاآرمی چیف کےخلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کےخلاف سازش کا تسلسل ہے،عمران خان اداروں و سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں، تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کےخلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہوسکتا ہے

نیازی زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں،بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کےخلاف آواز بلندکریں،وزیراعظم نے ہدایت کی وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کےخلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں، پاکستان میں افراتفری ، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،قوم اداروں کےساتھ کھڑی و شرپسندوں کےخلاف متحد ہے ۔