پی ٹی آئی قیادت کیخلاف ایک اور مقدمہ،عمران کے بھانجے حسان نیازی گرفتار

راولپنڈی،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر،کرائم رپورٹر)پی ٹی آئی قیادت کیخلاف ایک اور مقدمہ،عمران کے بھانجے حسان نیازی گرفتار،اسد قیصر،فرخ حبیب ودیگر کی عبوری ضمانتیں منظور،تفصیلات کے مطابق پولیس نے تحریک انصاف کے 12 رہنماوں اور 200 کارکنوں کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا،غلام سرور ، علی امین گنڈا پور،واثق قیوم عباسی سمیت 12 رہنما نامزد ہیں،مقدمہ موٹر وے ایم ٹو ٹول پلازہ روڈ بلاک کرکے دفعہ 144 کی خلاف ورزی ،کارسرکار میں مداخلت اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کے الزامات پر تھانہ نصیر آباد راولپنڈی میں درج کیا گیا ،ادھر پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے فوکل پرسن اور بھانجے کو جی 11 جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے گرفتار کرلیاجبکہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے اسلام آباد کے سیشن جج کی تصویر لگاکر ٹوئٹ کرنے پر سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کیخلاف انکوائری شروع کردی،ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کرلیا،حسان نیازی کے ٹوئٹر اکاونٹ کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئیں،دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر، عامرکیانی، عمرایوب، حماداظہر ، عاصم، فرخ حبیب، حسان خان نیازی اور شبلی فراز کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں،عدالت نے تمام پی ٹی آئی رہنماوں کی 3 اپریل تک 50، 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں،جج نے ریمارکس دئیے اتنے ملزم ہو گئے تاریخ میں آگے پیچھے کچھ دیکھنا پڑے گا،علاوہ ازیںانسداد دہشتگردی عدالت نے زمان پارک میں ہنگامہ آرائی کیس میں تحریک انصاف کے 102 ملزموں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا،مزید برآں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے نظر بندی غیرقانونی قرار دیکر 125 کارکنوں کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا،جسٹس چودھری عبدالعزیز نے کہا ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل تمام کارکنوں کی فوری رہائی یقینی بنائیں۔