لاہور(اپنے رپورٹر سے )وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے وزیر اعظم شہباز شریف نے کم آمدنی والے طبقات کےلئے پٹرول کی قیمت 50روپے کی بجائے 100روپے لٹر کم کرنے کا فیصلہ کرلیا ،وزیر اعظم کی ہدایت پر نواز شریف کے حکم کے مطابق سکیم پیش کی گئی ،موٹر سائیکل سواروں ،800سی سی اور چھوٹی گاڑیوں کےلئے پٹرول کی قیمت کم ہو گی ،سب بغیر سبسڈی کے کریں گے،غریب کاپٹرول سستا امیر کا مہنگا کر یں گے ،امیروں سے لیا جانے والا پیسہ غریب کے حوالے کیاجائےگا، بڑی گاڑیوں والے زیادہ قیمت دیں گے بدلے میں غریب کو ریلیف ملے گا۔
کسی کے باپ کا ملک نہیں ،غریب کی زندگی میںسہولت لائیں گے ، غریب آدمی مقدم ہے اور جہاں تک ہو سکے گا سہولت مہیا کریں گے،کم قیمت پٹرول کی سہولت کےلئے میکنزم بنا رہے ہیں ، موٹر سائیکل کی ایوریج کھپت ایک ماہ کےلئے 21لٹر ہے اور ایک بار میں 2سے 3 لٹرسے زیادہ نہیں دیا جائےگا ، گاڑی والے کو 30لٹرتک سبسڈی دی جائےگی لیکن وہ ایک وقت میں 5 سے 7لٹرسے زیادہ نہیں ڈلوا سکے گا،روس سے تیل کی خریداری کیلئے معاملات طے ہو رہے ہیں اور کوشش ہے اپریل میں آرڈر دےدیں، شپمنٹ آنے میں 25سے 28روز کا وقت لگتا ہے۔
مصدق ملک نے مزید کہاایران کےساتھ بھی کوئی اعتراض نہیں ،چاہتے ہیں پاکستان میں توانائی کی قیمتیں کم ہو جائیں لیکن ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے پاکستان کو عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے،قیادت نے کہاایک غریب آدمی جو گیس استعمال کررہا ہے اس کا پاکستان علیحدہ کردو، آج کے بعد ایک چوتھائی بل ادا کریں گے، امرا کی بھی عزت کرتے ہیں لیکن وہ 4گنا زیادہ پیسے دیں گے، پیسے جمع کرکے غربا کو گیس دیں گے۔
پالیسی اب ہر چیز میںنظر آئے گی ، 6،8ہفتے میں تیسرا پروگرام لےکر آئیں گے ،جب تک اتحادی حکومت ہے چاہے ایک سال ہے ایک گھنٹہ ،پالیسی چلتی رہے گی ، امیر کو ٹیکس دینا پڑے گا،پٹرولیم سکیم پر 6ہفتوں میں عملدرآمد کر دیا جائےگا ، امیر ،غریب کا پاکستان الگ کر دیا ،فیصلہ کیا ہے غریب کے پاکستان کےساتھ کھڑے ہوں گے۔
وزیر مملکت پٹرولیم نے کہا سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آگئی جس میں عورت کو ٹھوک دینے کی بات کی جارہی ہے ، سب کو معلوم ہے عورت کون ہے ، وزارت داخلہ سے درخواست کروں گا،تحقیقات ہونی چاہئیں، قتل کی سازش ہے ، سامنے بٹھا کر پوچھنا چاہیے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
مصدق ملک نے مزید کہاجو 2 نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگاتا رہا وہ اپنے عمل سے ثابت کر تا رہا واقعی ایک نہیں 2پاکستان ہیں وہ شخص جس کے ہاتھ میں آئین دیا گیا جس کے ہاتھ میں ووٹ نہیں مگر سلیکٹڈ زدہ دھاندلی کا کوئی کاغذ دیا گیا وہ کہہ رہا ہے آئین سمیت سب کی ایسی کی تیسی، کسی میں جرات ہے تو مجھے پکڑے ۔
کم آمدن والوں کو پٹرول 100روپے سستا،امیر کو مہنگا ملے گا،مصدق ملک

















