وفاقی کابینہ:مطلوب ملزم وسیم اسلم کی سعودی عرب حوالگی سمیت متعدد فیصلوں کی منظوری

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کو مطلوب ملزم وسیم اسلم کی حوالگی کی منظوری دے دی، کپاس کی امدادی قیمت 8500ہزار روپے فی من مقرر کرنے کا بھی فیصلہ ہوگیا،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت نے وکلا تحفظ بل 2023 پارلیمنٹ میں پیش کرنے اور کپاس کی فصل کو کاشتکاروں کیلئے منافع بخش بنانے کی غرض سے 8500روپے فی من کی امدادی قیمت کی منظوری دے دی،وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 15باہمی اور 2کثیر طرفہ مفاہمتی یادداشتوں کی ایکس پوسٹ فیکٹو کی منظوری دی،وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک کی سفارش پر ایس ایم ای بینک کے وائنڈنگ ڈان کی منظوری دےدی، کابینہ نے ہدایت کی وائنڈنگ ڈان کے دوران بینک کے تمام صارفین کے ڈیپازٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے، پہلے مرحلے میں بینک کے تمام صارفین کو 5.557ارب روپے کی ادائیگیاں کی جائیں گی،وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر سعودی حکومت کی جانب سے وسیم اسلم ولد اسلم کی سعودی عرب حوالگی کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایکسٹراڈیشن ایکٹ 1972 کے تحت انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی، حکومت پاکستان کا سعودی حکومت کے ساتھ مجرمان کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ موجود ہے، محمد وسیم اسلم سعودی حکومت کو قتل کے کیس میں مطلوب ہے،وفاقی کابینہ نے وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی(پی ایس جی پی سی)کی تشکیل نو کی منظوری بھی دےدی، مذکورہ 13رکنی کمیٹی میں تمام صوبوں سے سکھ برادری کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے، یہ کمیٹی آئندہ 3سال کیلئے گردواروں کی دیکھ بھال، سکھ یاتریوں کی خدمت اور دیگر انتظامی امور سنبھالے گی،وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے13مارچ 2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کی بھی توثیق کردی ، جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14مارچ 2023اور 15مارچ 2023 کو منعقدہ اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی گئی۔