عام انتخابات کی تاریخ دینے سے پہلے چیلنجز کو حل کیا جائے:گورنرکے پی

پشاور (بیورو رپورٹ) خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے معاملے پر گورنر کے پی نے مشاورتی اجلاس سے متعلق اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کردی،گورنر خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کو ارسال رپورٹ میں کہا ہے اس وقت سکیورٹی صورتحال نازک ہے اور اضافی سکیورٹی اہلکار دستیاب نہیں،گورنر خیبرپختونخوا نے کہا مشکل معاشی صورتحال ہے اور مردم شماری ہورہی ہے، حلقہ بندی ہونی ہے، عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل ان چیلنجز کو حل کیا جائے،رپورٹ میں گورنر کے پی نے مزید کہا الیکشن سے متعلق صورتحال پرآئین اور الیکشن ایکٹ کے تحت حل تلاش کیاگیا، الیکشن کی تاریخ وزارت دفاع اور داخلہ سمیت دیگر شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر رکھی جائے ،رپورٹ میں کہا گیا ہے دہشتگردوں کے خلاف چند ماہ میں آپریشن ختم ہوگا، اس کو بھی مد نظر رکھا جائے، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی رفتار میں اضافہ ہو رہا ہے، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سکیورٹی صورتحال بہت نازک ہے اور سرحد پار سے دہشتگرد گروپس ضم اضلاع میں آکر آباد ہوگئے ہیں، ضم اضلاع میں رہائشیوں کو دیگر اضلاع کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ خطرہ ہے، ان خطرات کے باعث سیاستدانوں اور پولنگ سٹاف کی آزادانہ نقل و حرکت ممکن نہیں،دوسری طرف ،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں ممبران ، سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی خیبر پختونخوا نے شرکت کی، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی خیبر پختونخوا نے بریفنگ دی،اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا انتخابات کا پر امن انعقاد انتہائی ضروری ہے تاکہ امیدواران اور ووٹرز اپنا حق رائے دہی بلا خوف و خطر استعمال کر سکیں،بریفنگ میں چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے کہا صوبائی حکومت کو 19ارب کے مالی خسارے کا سامناہے اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد کے لیے تقریبا 1.6ارب مزید درکار ہوں گے جبکہ مطلوبہ بجٹ کو پورا کرنا صوبائی حکومت کے لیے مشکل ہے اور الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے اخراجات اس کے علاوہ ہوں گے،چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ صوبہ کی امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے اور الیکشن کے انعقاد کے لیے پولیس کو 56ہزار نفری کی کمی کا سامنا ہے، امن وامان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی آئندہ انتخابات پر امن ہوں گے،انہوں نے کہا انتخابات کے دوران پاک فوج/ایف سی کی تعیناتی انتہائی ضروری ہے کیونکہ اکیلے پولیس انتخابات کے دوران امن وامان کو کنٹرول نہیں کر سکتی۔ گزشتہ دو عام انتخابات کے دوران بھی پاک فوج نے خدمات سرانجام دی تھیں جس کی وجہ سے وہ انتخابات پرامن ہوئے وار 2018کے الیکشن کے وقت امن و امان کی صورتحال موجودہ حالات سے بہت بہتر تھی۔