چور ریاست پر حملہ آور ،گرفتاری کا انتخابات میں تاخیر سے کوئی تعلق نہیں،مریم ا ورنگزیب

اسلام آباد (بیورورپورٹ)ووزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے عمران خان ملکی تشخص پامال کرنے پر تلے ہیں، گرفتاری کا انتخابات میں تاخیر سے کوئی تعلق نہیں ،عمران خان قانون سے تعاون کرنے کی بجائے مسلسل قانون شکنی کر رہے ہیں، پولیس صرف عدالتی احکامات پر عملدرآمد کر رہی ہے۔
عالمی نشریاتی ادارے سکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاعمران خان پرکرپشن کے مقدمات ہیں ،گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنا ہے،پولیس کے پاس کسی قسم کا کوئی اسلحہ نہیں، پولیس عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کیلئے زمان پارک میں موجود ہے جہاں پولیس پر بموں سے مسلسل حملے ہو رہے ہیں،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سمیت 65پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں،عمران خان کو ذمہ داری سے کام لینا چاہئے۔
مسلسل جھوٹ بول جارہاہے سکیورٹی خطرات ہیں اور اسی لمحہ کہتے ہیں سیاسی جلسے کرنے کیلئے تیار ہیں، جب عدالت مقدمات میں پیش ہونے کا کہتی ہے تو سکیورٹی خطرات کا بہانا بناتے ہیں،پاکستان میں خانہ جنگی، سول وار اور افراتفری چاہتے ہیں، لوگوں کو تشدد کیلئے بھڑکا رہے ہیں، پولیس جب گرفتار کرنے آتی ہے تو خواتین و بچوں کو پولیس کے سامنے کھڑا کر دیتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہاپاکستان کی موجودہ خراب معاشی صورتحال کا ذمہ دار عمران خان ہے، عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پہنچایا۔
عمران خان نے مارچ 2022میں اپنے ہی دستخط کردہ آئی ایم ایف پروگرام کی دھجیاں اڑائیںجبکہ اپنی ٹوئٹ میںوزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا فارن ایجنٹ گھڑی چور ،جھوٹا ریاست پر حملہ آور اور ریلیف لے رہا ہے۔
سیاسی لیڈر ریاست پر حملہ نہیں کرتے، اپنی سیاست نہیں ریاست کو بچاتے ہیں،عمران خان عدالتی احکامات پر عمل کرانے والے پولیس اہلکاروں کے سر پھاڑ رہا ہے۔