پاک قطربرادرانہ تعلقات اقتصادی شراکت داری میں بدلیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ،قطری سفیر نے قطر اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بڑھانے کےلئے کی جانےوالی مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار پر مبنی برادرانہ تعلقات کا اعادہ اورمضبوط تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کےلئے دونوں اطراف کے باہمی عزم کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے 2022 میں تاریخی سیلاب کے نتیجے میں پاکستانی عوام کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پر قطر کا شکریہ ادا کیا، قطری سفیر نے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پراظہار تشکر کےساتھ قطر کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا،ملاقات میںسفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویںسالگرہ بہترین انداز میں منانے کاعزم بھی کیا گیا۔
دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے کراچی الیکٹرک کے 4 رکنی وفد نے ملاقات کی،وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا نجکاری کے بعد کراچی الیکٹرک کی کارکردگی میں بہتری خوش آئند ہے ،کراچی الیکٹرک کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں،وزیراعظم نے کہا پاکستان میں شمسی وقابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے نجی و بین الاقوامی کمپنیوں کو استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
حکومت قابل تجدید بالخصوص توانائی کے ذخائر سے بجلی پیدا کرنے کو ترجیح دے رہی ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں موجود سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کئے جانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
مزید برآںوزیر اعظم شہباز شریف نے بارہ کہو بائی پاس فلائی اوور کی تعمیر کے دوران حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پیش آنےوالے حادثے کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی،وزریر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی حادثے کے ہر پہلو کا جائزہ لے گی،کمیٹی کو ہنگامی بنیادوں پر انکوائری رپورٹ مرتب کرکے وزیر اعظم کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی، وزیر اعظم نے کہابارہ کہو منصوبے میں کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں،واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔