قائمہ کمیٹی نے ارشد شریف قتل پر تفصیلی بریفنگ طلب کرلی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات نے ارشد شریف قتل پر تفصیلی بریفنگ طلب کرلی،تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن و رکن قومی اسمبلی جویریہ ظفر کی زیر صدارت پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں ہوا،جویریہ ظفر نے کہا ابھی تک ارشد شریف قتل کیس پر کمیٹی کو کوئی بریفنگ نہیں دی گئی،کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں صحافیوں کے تحفظ کے بل پر بھی غور کیا جائے گا، قائمہ کمیٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں پر تشدد کی مذمت کی، جویریہ ظفر نے کہا پولیس کی جانب سے صحافیوں کو ذمہ داریوں کی ادائیگی سے روکا گیا ،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کمیٹی کو بتایا اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر وزارت داخلہ کےساتھ میٹنگ ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ جانے سے صحافیوں کو روکا گیا، صحافیوں پر تشدد کے واقعہ کی رپورٹ وزیر داخلہ نے طلب کرلی ، کمیٹی کی رکن ناز بلوچ نے کہا صحافیوں کیلئے قانون سازی ہونی چاہئے تاکہ صحافی خود کو غیر محفوظ تصور نہ کریں،اراکین کمیٹی نے ڈراموں اور ٹی وی اشتہارات میں معاشرتی اقدار کے منافی مواد پر تشویش کا اظہار کیا، وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے اجلاس کو بتایا ہر صوبے میں کونسل آف کمپلینٹ موجود ہے، شکایت آئے تو کونسل آف کمپلینٹ سننے کی مجاز ہے،ڈرامے سینسر کرنے کا کوئی بورڈ موجود نہیں صرف فلم سنسر بورڈ ہے،1972ءسے فلم کو سنسر کرنے کی فیس 250 روپے ہے اب بڑھا کر ایک ہزار روپے کیا جا رہا ہے،ڈراموں کو سنسر کرنے کے حوالے سے اگر حکومت قانون سازی کرنا چاہے تو کر سکتی ہے،جویریہ ظفر نے کہا ڈرامے کے آن آیئر آنے سے پہلے مواد کو دیکھا جانا چاہئے،وزیر اطلاعات نے کہا ڈراموں کو سنسر کرنے کے حوالے سے قانون سازی کی جائے گی۔