پہلے استعفے اب واپسی،پی ٹی آئی کو بچوں کا کھیل لگتا ہے،عدالت

پشاور،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے پہلے استعفے اب واپسی،پی ٹی آئی کو بچوں کا کھیل لگتا ہے،تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کےخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، وکیل نے کہا الیکشن کمیشن اور سپیکر کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا ،جسٹس ابراہیم خان نے استفسار کیا ممبران واپس اسمبلی جانا چاہتے ہیں، استعفیٰ کیوں دیا؟، وکیل نے جواب دیا ممبران نے حکومت گرانے کےخلاف احتجاجاً استعفیٰ دیا ،جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دئیے بچوں کا کھیل لگتا ہے، پہلے کہتے تھے استعفیٰ منظور کیا جائے، جلوس لیکر سپیکر کے پاس جاتے تھے اب کہتے ہیں واپس اسمبلی جانا چاہتے ہیں،وکیل نے درخواست کی 16 مارچ کے الیکشن کو ملتوی کیا جائے،دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نیب کی فوری تعیناتی رکوانے کی درخواست میں پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی بحالی کے احکامات کا ریکارڈ طلب کرلیااور 6 مارچ کو تمام ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔