سندھ میں بجلی ٹاورز پر حملوں سے بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے:منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی

لاہور (خبرنگار) منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان کی سربراہی میں ایک وفد نے ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد پیر محمد شاہ سے ملاقات کی جس میں نوری آباد، لونی کوٹ، جامشورو، خانوٹ اور دادو سے گزرنے والی 220 کے وی اور 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائنز کے میٹریل کی چوری میں ملوث شرپسند عناصر کیخلاف فوری کارروائی پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے ڈی آئی جی حیدرآباد سے مقدمات کے فوری اندراج اور قومی اثاثوں کی چوری میں ملوث مجرموں کیخلاف کارروائی میں این ٹی ڈی سی کی سکیورٹی ٹیمز کی معاونت کرنے کی درخواست کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے پولیس چیف کو آگاہ کیا کہ بجلی کے ٹاورز کو نقصان پہنچانے کے 15واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جس سے ادارے کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔ایم ڈی این ٹی ڈی سی نے ایف آئی آرز کے فوری اندراج، چوری شدہ مواد کی واپسی، ہائی رسک زون میں مقامی پولیس کی جانب سے وقتاً فوقتاً گشت کرنے اور ایف آئی آرز میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی شقوں کو شامل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ڈی آئی جی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور حیدر آباد، جامشورو، ٹھٹھہ اور دادو سمیت متعلقہ ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ علاقوں میں پٹرولنگ بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں کیخلاف متحد ہیں اور چوری میں ملوث تمام افراد کیخلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔ملاقات میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم)، چیف سکیورٹی آفیسر، جنرل منیجر ایسٹ مینجمنٹ ساو¿تھ اور این ٹی ڈی سی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ٹرانسمیشن لائنز کے میٹریل کی چوری کے نتیجے میں ٹاورز اور ٹرانسمیشن لائنز کمزور ہو کر گر جاتی ہیں جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کے ساتھ جنوبی خطے بالخصوص اہم صنعتی مراکز تک بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔