ازخود نوٹس 4-3 سے مسترد ہوگیا،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی ضرورت نہیں، ازخود نوٹس 4-3 سے مسترد ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اٹارنی جنرل شہزاد الٰہی کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پٹیشن 3 کے مقابلے میں 4 کی اکثریت سے مسترد ہوگئی، فیصلے پر نظرثانی کی ضرورت نہ ہی تشریح طلب معاملہ ہے کیونکہ فیصلہ بہت واضح ہے کوئی ابہام بھی نہیں، کوئی ہار جیت یا اہلیت و نااہلی کا کیس نہیں تھا، آئینی نکتے پر بحث ہوئی، جج صاحبان نے فیصلہ دیا ہائیکورٹس فیصلہ کریں، 2 ججز نے واضح کہا جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ سے اتفاق کرتے ہیں، 2 ججز نے کہا درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں، 2 ججز نے خود کیس سننے سے معذرت کرلی۔
چیف جسٹس نے 2 ججز کے نوٹ کو فیصلہ جان کر بنچ میں شامل نہیں کیا، 5 رکنی بنچ کے 3 ججز نے زمینی حقائق دیکھ کر 9 اپریل سے آگے لے جانے پر مشاورت کا کہا، دونوں ہائیکورٹس میں درخواستیں ابھی تک زیرسماعت ہیں، فیصلے کی تشریح وہاں بھی ہوسکتی ہے جو آئینی و قانونی بات ہے وہی ہونی چاہئے، فیصلے میں نظر ثانی والی بات نہیں، فیصلہ واضح ہو تو نظرثانی والی بات نہیں ہوتی اگر کسی کو اختلاف ہوا تو جا کر تشریح کرالیں گے۔ اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا صدر مملکت نے فیصلہ تھوپ کر واپس لیا۔
صدرکے وکیل نے کہا صدر نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ صدر مملکت نے آئین کی خلاف ورزی کی ، صدر نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنی ہے یا پھر پارٹی ورکر بن کرفیصلے کرنے ہیں، سمجھتے ہیں حالات سازگار ہوں تو بھی آئین انتخابات کے انعقاد کا حق الیکشن کمیشن و دیگر سٹیک ہولڈرز کو دیتا ہے، اب بحث کو چھوڑ دیں۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل شہزاد عطا الٰہی نے کہا بڑی تیز رفتاری سے عدالتی کارروائی ہوئی، پیر کوصبح سے شام 6 تک سماعت چلی، گزشتہ روز بھی 9 سے 6 عدالت چلی، جسٹس منصور کے نوٹ کا دوسرا پیراگراف اہمیت کا حامل ہے۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا 2 ججز کے نوٹ سے اتفاق کرتے ہیں، اختلافی نوٹ کے فٹ نوٹس میں کہا گیا جسٹس یحییٰ اور جسٹس اطہرمن اللہ کے نوٹ بھی کیس کے ریکارڈ کا حصہ ہیں، اس طرح 4 ججز نے اختلافی نوٹ لکھا، 7 میں سے 3 ججز کا فیصلہ ہے۔