تھانہ فیصل ٹاﺅن کاسابق ایس ایچ او کروڑوں کے اثاثوں کامالک

لاہور (مرزا ندیم بیگ) تھانہ فیصل ٹاﺅن کے سابق ایس ایچ او جو کافی عرصہ مختلف پولیس سٹیشنوں میں تعینات رہ چکا ہے، تنخواہ تھوڑی جبکہ اخراجات بے شمار، شاہانہ لائف سٹائل سمجھ سے بالاتر، اپنے زیراستعمال اس نے ٹیوٹا کرولا اٹلس، بچوں کےلئے ہنڈا سوک جبکہ کروڑوں کی پراپرٹی بھی بنا رکھی ہے۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ڈویژن میں فیصل ٹاﺅن کے رہائشی شہزاد کی طرف سے دی جانےوالی درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ سابق ایس ایچ او فیصل ٹاﺅن حسن رضا انسپکٹر بدنام زمانہ ہے جو پچھلے 10 سال سے شہر کے مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او تعینات رہ چکا ہے، ہزاروں میں تنخواہ لینے والا ملازم کا لائف سٹائل شاہانہ ہے، اس نے اپنے استعمال کےلئے ٹیوٹا کرولا اٹلس گاڑی نئی ماڈل کی رکھی ہوئی ہے جبکہ اپنے بچوں کےلئے ہنڈا سوک لی ہوئی ہے، اسکے علاوہ اس نے الزام لگایا ہے کہ انسپکٹر نے کرپشن کرتے ہوئے کروڑوں کی جائیداد اپنے اور بچوں کے نام پر خرید کی ہے۔ درخواست گذار کا کہنا ہے کہ انسپکٹر کے اثاثہ جات کی چھان بین کر کے اسکے خلاف کرپشن اور ناجائز ذرائع سے اکٹھی کی ہوئی دولت سے خرید کی گئی جائیداد کو ریکور کر کے سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے انکوائری کےلئے اے ڈی آئی ٹو کو ہدائت کردی تھی تاہم اس حوالے سے موقف لینے کےلئے انسپکٹر سے رابطہ نہ ہوسکا، لہٰذا اگر وہ اپنا موقف دینا چاہیں تو ادارہ اسے من وعن شائع کرےگا۔