زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 50ہزار سے متجاوز

استنبول (مشرق نیوز)ترکیہ میں رواں ماہ آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو پر کام شروع کر دیا جبکہ ترکیہ اور شام میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ نے بتایا کہ جمعہ کی رات تک ترکیہ میں زلزلے کی وجہ ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 44 ہزار 218 تک پہنچ گئی،رپورٹ کے مطابق شام نے زلزلے سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 5ہزار 914بتائی ہے، دونوں ممالک میں مجموعی طور پر اموات 50ہزار سے زائد ہو چکی ہیں،ترکیہ میں چند مہینوں میں انتخابات ہونے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان نے وعدہ کیا ہے کہ ہم زلزلے کے نتیجے میں تباہ یا ناقابل استعمال ہوجانے والے تمام گھروں کا کام کی جگہوں کو دوبارہ تعمیر کریں گے اور انہیں ان کے حقیقی مالکان کے حوالے کریں گے،ایک حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ متعدد منصوبوں کے کنٹریکٹ دیے جا چکے ہیں، یہ عمل تیزی سے جاری ہے، مزید کہا کہ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،حکام نے بتایا کہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے خیمے بھیج دیئے گئے ہیں لیکن لوگوں نے ٹینٹس ملنے میں مشکلات کو رپورٹ کیا،67سالہ میلک نے حسہ ٹان میں اسکول کے باہر امداد ملنے کی قطار میں اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے بتایا کہ میرے 8بچے ہیں، ہم ایک خیمے میں رہ رہے ہیں، جس کی چھت پر پانی ہے جبکہ زمین بھی تھوڑی گیلی ہے، ہم مزید خیموں کا مطالبہ کررہے ہیں جو ہمیں نہیں دیئے جارہے،رپورٹ کے مطابق انٹریال ترکیہ کے نام سے رضا کاروں کا ایک گروپ اس اسکول کو امداد کی تقسیم کے مرکز کے طور پر استعمال کر رہا ہے، بتایا کہ خیموں کی قلت اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔رجب طیب اردوان کی حکومت تباہ کن زلزلے کے ردعمل پر تنقید کی زد میں ہے، اس کے علاوہ کافی ترک کہتے ہیں کہ تعمیرات میں کوالٹی کنٹرول کو برسوں سے نافذ نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کا کم ازکم 15ارب ڈالر کی لاگت سے 2لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہاتی علاقوں میں 70ہزار مکانات کا ابتدائی منصوبہ ہے جبکہ امریکی بینک جے پی مورگن نے گھروں اور انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے لیے 25 ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا ہے۔اقوام متحدہ کے ڈیولپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی)کے اندازوں کے مطابق تباہ کن زلزلے کے بعد 15لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں جبکہ 5 لاکھ نئے گھر تعمیر کرنے کی ضرورت ہوگی۔مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایک ارب ڈالر کے فنڈ کی اپیل میں سے 11 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی درخواست کی ہے، اس رقم کو ملبے کے پہاڑ صاف کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔یو این ڈی پی کے مطابق اس تباہی کی وجہ سے 11.6 کروڑ سے 21 کروڑ ٹن کے درمیان ملبہ پیدا ہو گیا، اس کے مقابلے میں ترکیہ میں 1999 میں آنے والے زلزلے سے 1.3 کروڑ ٹن ملبہ پیدا ہوا تھا۔