لاہور میں پی ایس ایل کا آغاز: اہم سڑکیں بند، عوام کا ایک بار پھر امتحان شروع

لاہور(رپورٹ: مرزا ندیم بیگ)لاہور شہر میں پی ایس ایل ٹورنامنٹ کے میچز کی وجہ سے ایک بار پھر عوام کا امتحان شروع، قذافی سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو لے جانے سے لےکر واپسی کے مقرر کئے گئے ٹائم پر مال روڈ سمیت اس سے ملحقہ تمام روڈ بند کر دیئے جاتے ہیں جس کے باعث عوام ایمرجنسی ہو یا کوئی اور وجہ منزل مقصود تک نہیں پہنچ پاتے، گذشتہ روز بھی پروٹوکول کے لئے کئے گئے حفاظتی انتظامات نے ٹریفک جام کئے رکھی جس سے لوگ سیخ پا ہو گئے ،ٹریفک پولیس کے وارڈنز کے لئے ٹریفک کنٹرول کرنا محال ہو گیا تلخ کلامیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ،تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل ٹورنامنٹ کھیلنے کے لئے لاہور ایک ہوٹل میں ٹہری ہوئی کرکٹ ٹیمیں جن میں بیرون ممالک کے کھلاڑی بھی موجود ہیں ان کی حفاظت کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں پریکٹس کے لئے گراﺅنڈ تک لے جانے اور واپسی کے ٹائم پر ان کے طے شدہ روٹ پر گاڑی و موٹر سائیکل تو ایک طرف پیدل گذرنے کی اجازت بھی نہیں ہے جبکہ دوسری طرف مال روڈ سمیت دیگر مختلف مقامات کے لوگ اس وقت پر کہیں نہیں جا پاتے دونوں اطراف پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران و ملازمین الرٹ ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیتے ہیں کھلاڑیوں کے گراﺅنڈ میں پہنچنے کے وقت اور واپس ہوٹل جانے تک کسی کو اس روٹ سے گذرنے نہیں دیا جاتا اس حوالہ سے مختلف مقامات کے رہائشی افراد کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی بحالی بہت اچھی بات ہے لیکن اس میں عوام کے لئے پریشانی کو کیوں نظر انداز کیا گیا ہے قذافی اسٹیڈیم کے ارد گرد رہنے والوں کا جینا دو بھر ہو گیا ہے جب مرضی پولیس ٹیمیں چیک کرنے کے لئے رات گئے پہنچ جاتی ہیں کوئی بیمار یا سوگیا ہو اسے ان کے سامنے حاضری دینا پڑتی ہے ابھی کہ پہلے جب پی ایس ایل ٹورنامنٹ ہوا تھا تو بار بار یہ سب کا ڈیٹا اکٹھا کر چکے تھے ان کے پاس پہلے والی تمام معلومات کا ریکارڈ ہونا چاہیئے ،غریب دکاندار اور ٹھیلے لگانے والے جب روزانہ کی بنیاد پر بچوں کے لئے کچھ کما کر لے جاتے تھے وہ بھی پریشان ہیں ،مقامی رہائشی ان کی دی گئی ٹائمنگ کے دوران ایمرجنسی کی صورت ہو آفس سے واپسی ہو یا بچوں کی کالج ،اکیڈمی سے واپسی اس دوران ناممکن ہو گئی اسی طرح دیگر لوگوں کو بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ایک روز قبل گلبرگ کے قریب لوگوں نے تنگ آ کر ون وے سے گذرنے کی کوشش کی تو وہاں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس وارڈنز اور پولیس اہلکار سے لوگوں کی گرمی سردی بھی ہوئی لوگوں کا کہنا ہے کہ ملکی حالات پہلے ہی بہت کشیدہ ہیں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے لوگوں کو روٹی کے لالے پڑے ہیں پٹرول اتنا مہنگا ہو چکا ہے کہ مجبوری کے تحت گذارے کے لائق ڈلوایا جاتا ہے لیکن پی ایس ایل ٹورنامنٹ کے باعث جب روڈز بلاک کر دیئے جاتے ہیں منزل مقصور پر ٹائم پر پہنچنے کے لئے دو گناہ زیادہ ہو گیا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر ذمہ داران سے گذارش ہے کہ فول پروف سکیورٹی بے شک عوام کو نصیب نہیں ہوتی کھلاڑیوں کو دیں اچھا اقدام ہے کیونکہ اس میں بیرون ملک سے کھیلنے کے لئے آنے والے کھلاڑی ہمارے مہمان ہیں لیکن اپنی عوام جو پاکستانی ہیں یہاں کے رہائشی ہیں ان کے بارے میں بھی تھوڑی توجہ دیدی جائے اور اس مسلے کو حل کیا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکے ،ٹورنامنٹ کے لئے ڈیوٹی کے فرائض سرانجا م دینے کے لئے وارڈنز کم پڑ گئے جس کی وجہ سے دوسرے شہروں سے وارڈنز بلائے گئے ہیں جو یہاں ڈیوٹی دے رہے ہیں ان میں سے ایک وارڈن کا کہنا تھا کہ لوگ تھوڑی دیر کے لئے کھڑا ہونے سے پریشان ہو رہے ہیں جبکہ میں دوسرے شہر سے آیا ہوں اور صبح سے کھڑا ڈیوٹی کر رہا ہوں مجھ سے زیادہ پریشان کون ہو سکتا ہے جبکہ ٹریفک پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی میں کوئی مشکل پیش نہیں آ رہی تمام افسران و وارڈنز اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں صرف ٹیموں کے گراﺅنڈ میں جانے اور واپسی کے لئے تھوڑی دیر ٹریفک روکی جاتی ہے اس کے بعد ٹریفک کھول دی جاتی ہے اور عوام کو اس بارے آگاہ کیا گیا ہے ۔