عالمی عدالت انصاف جارحیت پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے: عرب لیگ

نابلس (مشرق نیوز) عرب لیگ نے مغربی کنارے کے شہر نابلس پر شروع کئے گئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینی شہریوں کے تحفظ سے متعلق فیصلوں پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہنگامی اجلاس کے اختتامی بیان میں عرب لیگ نے کہا کہ وہ سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور فلسطینیوں کےخلاف اسرائیل کے جارحانہ طرز عمل کو روکنے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کرے۔عرب لیگ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت پر بھی زور دیا کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کو مکمل کرے اور اسرائیل کو ان جرائم کیلئے جوابدہ ٹھہرائے جو اس نے فلسطینی عوام کےخلاف کئے ہیں۔ ان جرائم میں آباد کاری اور الحاق کی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔عرب لیگ نے عالمی برادری کی ریاستوں اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی شہریوں کے تحفظ میں حصہ لیں اور جنرل اسمبلی کی قرارداد اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی رپورٹ میں جو کچھ کہا گیا ہے اس پر عمل درآمد کے لیے ایک عملی اور موثر طریقہ کار تشکیل دیں۔