ساہیوال (بےورو رپورٹ) ساہیوال ڈویژن میں یکم مارچ سے شروع ہونےوالی ڈیجیٹل مردم شماری کے تمام انتظامات بشمول 3296شمارکنندگان کی تربیت کے مکمل ہو چکے ہیں۔ ساہیوال ڈویژن کو 8 مردم شماری ڈسٹرکٹس میں تقسیم کیا گیا ہے جو 7 تحصیلوں اوراوکاڑہ کنٹونمنٹ پر مشتمل ہے اور انہیں 6551بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیرصدارت کمشنر آفس میں ہونے والی تیسری ڈویژنل کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی جس میں آر پی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز سمیت پاکستان آرمی کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کریں اور شمارکنندگان سے رابطے کو بہتر بنائیں تاکہ مردم شماری کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے تینوں اضلاع کے انتظامی و پولیس افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی اور ٹرانسپورٹیشن پلان کو جلد حتمی شکل دیں اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے فراہم کردہ گائیڈ لائنز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے عوام پر زور دیا کہ وہ 20فروری سے3مارچ تک جاری خودشماری کے عمل کا حصہ بنیں اور پاکستان بیوروآف شماریات کی ویب سائٹ self.pbs.gov.pkپر رجسٹر ہو کر اپنی قومی ذمہ داری ادا کریں۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا صبح سویرے شہر کا دورہ،ریلوے روڈ،آرمڈ سولجر بورڈ روڈ،اندورن لاری اڈا اور یاد گار ساہیوال پر صفائی کا جائزہ لیا اور کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ ان علاقوں میں صفائی کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ تجاوزات بھی ہٹائی جائیں۔انہوں نے شہر کی سڑکوں پر لگے غیر قانونی بینرز ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔ بعد ازاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے مڈھالی روڈ اور پاکپتن روڈ پر سیوریج لائنوں کو بچھانے کے کام کا ٹائم فریم دینے کی ہدایت کی تاکہ ان اہم سڑکوں کی کارپٹنگ کا کام جلد شروع ہو سکے -اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،سی او کارپوریشن کاشف محمود،ایم او جاوید انور گوندل،ندیم صفدر اور اے سی جنرل وقاص ظفر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی -انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ لیاقت روڈ پر واقع اپنے دفاتر کی باہر گرین بیلٹ بنائی جائے اور اندرونی صفائی کو بھی بہتر کیا جائے -اس سے پہلے کمشنر شعیب اقبال سید نے رات گئے رورل ہیلتھ سنٹر نورشاہ کا دورہ کیا -سنٹر میں مریض موجود ہونے اور ڈاکٹرز نہ ہونے پر کمشنر کا شدید اظہار ناراضگی،سی ای او ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ مریضوں کے علاج معالجے میں کوتاہی کرنے والے طبی عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،کمشنر کی ہدایت -انہوں نے حاجی عبدالقیوم ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر چیک کیا -انہوں نے ڈیوٹی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ رات کے اوقات میں بھی مریضوں کو تمام ممکن سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ دوسری طرف ڈویژنل انوائرمنٹ کمیٹی نے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر 4 ماہ سے زیر التواءپٹرول پمپس،کنٹرولڈ شیڈز اور کولڈ سٹوریج سمیت 25 این او سیز کی منظوری دیدی ہے -منظوری سے ڈویژن میں 9 پٹرول پمپس، 2 کنٹرول شیڈز اور10کولڈ سٹورز/ گوداموں کی تعمیر کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس کمشنر آفس میں کمشنر شعیب اقبال سید کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات مقصود ربانی بٹ اور یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی پروفیسر ڈاکٹر سعیدہ انجم نے شرکت کی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ کاروبار کےلئے این او سی کا حصول آسان بنایا جائے اور تمام پیپر ورک ایک مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی نہ ہو اور انہیں کاروبار شروع کرنے میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے -
عوام مردم شماری کا لازمی حصہ بن کر قومی فریضہ ادا کریں: کمشنر ساہیوال

















